1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ممبئی حملوں پر بیان سلمان کے گلے پڑ گیا

13 ستمبر 2010

ممبئی حملوں کے حوالے سے بالی وُڈ سٹار سلمان خان کا ایک بیان متنازعہ بن گیا ہے اور اب انہیں معافی مانگنا پڑی ہے۔ سلمان نے کہا کہ ان کا بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، لیکن پھر بھی کسی کو تکلیف پہنچی تو وہ معذرت خواہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/PAVZ
سلمان خانتصویر: Eros International

بھارتی خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق پاکستان کے ایک ٹی وی چینل کے ساتھ انٹرویو میں سلمان نے کہا تھا کہ 26 نومبر2008 ء کے ممبئی دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ امراء بنے، جس کی وجہ سے انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ ان کے بیان پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوا تو انہوں نے صفائی پیش کر دی ہے۔

سلمان نے کہا، ’میں نے تقریباﹰ تین ہفتے پہلے ایک انٹرویو دیا، جسے غلط انداز سے پیش کیا گیا۔ میں نے تو صرف اتنا کہا تھا کہ سب لوگوں کی جان برابر ہوتی ہے، چاہے امیر ہو یا غریب۔ اس کے برعکس کچھ دہشت گردانہ حملوں پر میڈیا زیادہ توجہ دیتا ہے۔‘

انہوں نے کہا، ’میرے خیال میں ہر جان اہم ہے۔ دہشت گردانہ کارروائی کہیں بھی ہو، غلط ہے۔ دہشت گردوں کی کوئی قومیت نہیں ہوتی، ان کا کوئی دین ایمان نہیں ہوتا۔ میں ہمیشہ سے ہی اپنے ملک کی سکیورٹی فورسز پر بھروسہ کرتا ہوں۔ میں کسی کا دل دکھانا نہیں چاہتا، لیکن پھر بھی کسی کو میری کوئی بات بری لگی تو میں اس کے لئے معافی چاہتا ہوں۔‘

Mehr als 100 Tote bei Terrorserie in Bombay
فائیوسٹار ہوٹل بھی ممبئی حملوں کا نشانہ بنےتصویر: picture-alliance/dpa

سلمان نے یہ بھی کہا ہے کہ ان کا یہ انٹرویو پاکستانی ٹیلی ویژن چینل ایکسپریس 24/7 نے غلط طریقے سے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹیلی ویژن چینل نے ان کے انٹرویو کا ایک حصہ چلایا، جسے بعدازاں دیکھ کر انہیں خود بھی اس کی نزاکت کا احساس ہوا۔

واضح رہے کہ سلمان خان نے مستقبل میں اپنے تمام میڈیا انٹرویوز ریکارڈ کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔ یہ تنازعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب سلمان خان کی فلم دبنگ ریلیز کے بعد باکس آفس پر اچھی جا رہی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں