1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملین ڈالر کا چوہا (دس لاکھ ڈالر کا چوہا)

عابد حسین25 مئی 2016

قطب جنوبی کے جزیرے اینٹیپوڈز کو عالمی ورثے کے جزائر میں شمار کیا جاتا ہے۔ اِس جزیرے پر لاکھوں چوہے سمندری پرندوں کے لیے خطرہ بن گیے ہیں۔ اب اِن کو ختم کرنے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Iu6j
تصویر: Imago/Nature Picture Library

نیوزی لینڈ کے تحفظِ ماحول کے سرگرم کارکن نے اینٹیپوڈز جزیرے پر موجود لاکھوں چوہوں کو مارنے کی مہم شروع کر دی ہے۔ اینٹیپوڈز جزیرہ قطب جنوبی کی بیرونی حد کے باہری علاقے میں واقع ہے۔ یہ نیوزی لینڈ کا ’مَین لینڈ‘ خیال کیے جانے والے ساؤتھ آئی لینڈ سے 760 کلومیٹر سے زائد مسافت پر واقع ہے۔

اِس جزیرے پر انیسویں صدی میں بڑے سمندری جانور سِیل کا شکار کرنے والے شکاری یہ چوہے لایا کرتے تھے اور بچ جانے والے چوہوں کو واپسی پر وہیں چھوڑ جاتے تھے۔ ان چوہوں کو اِس جزیرے پر ایک غیر روایتی اور اجنبی جانور قرار دیا گیا ہے۔ اب چوہوں کی کثیر تعداد سے مقامی پرندوں اور دوسرے چھوٹے ریڑھ کی ہڈی والے جانوروں کی نسلوں کے معدوم ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی تحفظ ماحول کی وزیر میگی بیری کے مطابق اینٹیپوڈز جزیرے کے چوہے ختم کرنے کی مہم حکومت کو درپیش ایک انتہائی چیلنجنگ مشن ہے ۔ خاتون وزیر کے مطابق یہ جزیرہ انتہائی شدید لہروں والے سمندر میں واقع ہے اور اکثر قطب شمالی سے سرد ہوائیں بھی اِس کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہیں۔ کئی سمندر شناس اِس جزیرے کو دنیا کی ایک انتہائی حد بھی قرار دیتے ہیں۔ میگی بیری کے مطابق دو لاکھ چوہوں کو مارنے کی مہم کے دوران سفر اور سامان کی ترسیل بلاشبہ ایک غیرمعمولی معاملہ ہے۔

Neuseeland Antipoden-Inseln Antipodes Island
قطب جنوبی کے جزیرے اینٹیپوڈز کو عالمی ورثے کے جزائر میں شمار کیا جاتا ہےتصویر: Imago/Nature Picture Library

نیوزی لینڈ کی حکومت نے اِس مشن کے لیے تین ہیلی کاپٹروں سمیت ایک بڑی کشتی، ایک سامان بردار بحری جہاز اور ماہرین کی ایک ٹیم کو روانہ کیا ہے۔ اِس مشن کے سلسلے میں جزیرے کے 2045 ہیکٹرز علاقے پر 65 ہزار 500 کلوگرام چوہوں کے لیے زہریلی خوراک بھی پھینکی جائے گی۔ زہریلی خوراک پھینکنے کے لیے ہیلی کاپٹرز کا استعمال کیا جائے گا۔ میگی بیری کے مطابق چوہوں کے خاتمے سے جزیرے کا اصلی اور قدرتی ماحول اِس کے اپنے پرندوں اور دوسرے مقامی جانوروں، جن میں خاص طور پر پیلیکن شامل ہیں، کے لیے دوبارہ سے بحال ہو جائے گا۔

نیوزی لینڈ کے اِس خصوصی پراجیکٹ کو ’ملین ڈالر کا چوہا‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس مہم کی ابتدا سن 2012 میں کی گئی تھی۔ اُس وقت حکومت نے ایک ملین ڈالر کا فنڈ اکھٹا کرنے کی مہم شروع کی تھی۔ اِس مشن کو ایک نجی ادارے مورگن فاؤنڈیشن کے علاوہ نیوزی لینڈ ڈبلیو ڈبلیو ایف کا تعاون بھی حاصل ہے۔ اِس پراجیکٹ کی مجموعی لاگت تقریباً چار ملین نیوزی لینڈ ڈالر خیال کی گئی ہے۔ اِس کا تعین ہونا باقی ہے کہ مرے ہوئے چوہوں کو جزیرے سے کس طرح اکھٹا کر کے تلف کیا جائے گا۔