1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملتان ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل، پاکستان جیت پائے گا؟

شمشیر حیدر
11 دسمبر 2022

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین جاری دوسرا ٹیسٹ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ پاکستان کو جیت کے لیے مزید 157 رنز اور انگلینڈ کو چھ وکٹیں درکار ہیں۔

https://p.dw.com/p/4KnMQ
تصویر: AAMIR QURESHI/AFP

ملتان میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے چار وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے تھے۔ کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر قبل ہی امام الحق 60 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے اور یوں امام اور سعود کے مابین سینچری پارٹنرشپ کا اختتام بھی ہوا۔

تیسرا دن کیسا رہا؟

انگلینڈ کی ٹیم نے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز شروع کی تو اس کا سکور 202 رنز تھا اور ابھی انگلینڈ کی پانچ وکٹیں باقی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے: ابرار احمد کی ’مسٹری اسپن‘ ملتان ٹیسٹ بچا سکے گی کیا؟

پہلے سیشن ہی میں انگلینڈ کی آخری پانچ وکٹیں سکور میں 69 رنز کا اضافہ کر کے گر گئیں۔ پہلی اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کی ناقص بیٹنگ کے سبب انگلینڈ کو برتری حاصل ہو چکی تھی یوں دوسری اننگز میں 275 رنز بنانے کے باوجود پاکستان کے لیے 355 رنز کا ہدف طے پایا۔

اس بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا رہا۔ پاکستانی ٹیم نے اوپپنگ کے لیے عبداللہ شفیق کے ساتھ امام الحق کی بجائے محمد رضوان کو بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دونوں کے مابین 66 رنز کی پارٹنرشب ہوئی۔

محمد رضوان اینڈرسن کی شاندار باؤلنگ کے سبب 30 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد کپتان بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آئے اور اسکور میں صرف ایک رنز کا اضافہ کرنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

عبداللہ شفیق اور سعود شکیل نے انگلینڈ کے تیز گیند بازوں کا مقابلہ کرنے کی کوشش جاری رکھی لیکن جب 83 کے مجموعی سکور پر عبداللہ شفیق بھی آؤٹ ہو گئے تو بظاہر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ انگلینڈ تیسرے روز ہی پاکستان کو آؤٹ کر کے میچ اپنے نام کر لے گا۔

تاہم امام الحق اور سعود شکیل نے پاکستانی اننگز کو سنبھالا اور پارٹنرشپ بنانا شروع کی۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستانی ’ہیری پوٹر‘ کے جادو کا شکار انگلش کرکٹ ٹیم

بائیں بازو سے کھیلنے والے دونوں کھلاڑی کھیل کے باقی سیشنز میں گیند بازوں پر حاوی دکھائی دیے۔

تیسرے روز کا کھیل اختتام کی طرف بڑھ رہا تھا تو امام اور سعود 171 گیندوں کا سامنا کر کے 100 رنز کی پارٹنرشپ بنا چکے تھے۔

لیکن کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر قبل امام الحق سلپ میں جو روٹ کے ایک شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ ہو گئے اور یوں 108 رنز کی شراکت داری اختتام پذیر ہوئی۔

کم روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا تو سعود شکیل 54 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے اور ان کے ساتھ آل راؤنڈر فہم اشرف تین رنز بنا کر موجود ہیں۔

میچ کی موجودہ صورت حال دیکھ کر تو ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ چوتھا دن ہی کھیل کا فیصلہ کن دن ہو گا۔

پاکستان کو جیت کے لیے اب بھی مزید 157 رنز بنانا ہیں۔ سعود اور فہیم کے علاوہ آغا سلمان اور محمد نواز بھی موجود ہیں۔ لیکن دوسری جانب انگلینڈ کی کوشش ہو گی کہ وہ کل پہلے سیشن ہی میں جلد از جلد وکٹیں حاصل کر کے میچ اور سیریز اپنے نام کر لے۔