1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملازمین کی تنخواہوں کے پیسے نہیں: اقوام متحدہ

9 اکتوبر 2019

امریکا سمیت کئی ممالک نے ابھی تک اقوام متحدہ کو اپنے حصے کی سالانہ فیس ادا نہیں کی، جس کے باعث ادارے کو  بدترین مالی خسارے کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/3QyC9
USA UN Hauptquartier in New York
تصویر: Imago Images/UPI Photo/J. Angelillo

اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق اس سال اب تک 193 رکن ممالک میں سے 129 نے اپنی سالانہ فیسیں ادا کی ہے۔ اقوام متحدہ کا اس سال کا معمول کا بجٹ 3.3 ارب ڈالر ہے، جس میں دو ارب آ چکے ہیں جبکہ ایک ارب ڈالر کی ادائیگیاں ابھی باقی ہیں۔ اقوام متحدہ کا قیامِ امن کے دستوں سے متعلق بجٹ اس کے علاوہ ہے۔

جن ممالک نے ابھی تک اقوام متحدہ کو اپنے حصے کی ادائیگیاں نہیں کیں اُن میں امریکا نمایاں ہے۔ اقوام متحدہ کے سالانہ بجٹ میں امریکا کا حصہ بائیس فیصد ہے۔ امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اس سال 674 ملین ڈالر اور پچھلی بقایاجات میں سے 381 ملین ڈالر ادا نہیں کیے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا موقف ہے کہ امریکا اقوام متحدہ کے بجٹ کی اضافی ذمہ داری اٹھاتا آیا ہے اور اس نظام پر نظر ثانی کے ضرورت ہے۔

USA Antonio Guterres UN Sicherheitsrat
تصویر: Imago Images/Xinhua

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس سال بجٹ کے بحران سے نمٹنے کے لیے اخراجات میں کٹوتی کے کڑے اقدامات اٹھائے ہیں۔ خالی اسامیوں پر نئے لوگ بھرتی نہیں کیے جا رہے اور ادارے کے اہلکاروں کا بین الاقوامی سفر محدود کر دیا گیا ہے۔   

سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش کا کہنا ہے کہ ان مشکل مالی اقدامات کے بغیر اس سال ستمبر میں جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر عالمی وفود کی میزبانی مشکل ہو جاتی۔ انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ ممکنہ بحران سے پہلے اپنی ادائیگیاں کر دیں۔

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید