1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مقبوضہ فلسطینی علاقے میں تیار کردہ شراب متحدہ عرب امارات میں

17 جنوری 2021

مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے میں تیار کردہ اسرائیلی شراب متحدہ عرب امارات میں فروخت کی جائے گی۔ یورپی یونین کے برعکس یو اے ای نے ایسی کوئی شرط نہیں رکھی کہ ایسی اسرائیلی مصنوعات پر خصوصی لیبل چسپاں کیے جائیں۔

https://p.dw.com/p/3o2J1
Westjordanland | Israelische Siedlung Rehelim | Tura Weinkellerei
تصویر: Ronen Zvulun/REUTERS

فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں تیار کردہ اسرائیلی شراب جلد ہی متحدہ عرب امارات میں دستیاب ہو گی اور اس شراب پر صرف یہ لیبل  چسپاں ہو گا: 'اسرائیل میں تیار کردہ‘۔ فلسطینیوں نے اس معاہدے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں تیار کردہ اشیاء کی تجارت بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ کئی دیگر ممالک بھی اس حوالے سے یہی نظریہ رکھتے ہیں تاہم اسرائیل اسے متنازعہ قرار دیتا ہے۔

اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد تجارتی معاہدے بھی کیے گئے تھے۔ ایک عرب کمپنی نے شراب اور زیتون کا تیل درآمد کرنے کے لیے اسرائیل کی کمپنی 'تورا وائنری‘ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا اور یہ کمپنی مقبوضہ مغربی کنارے کے ريحاليم نامی علاقے میں واقع ہے۔

اس کمپنی کے مالک ویریڈ بن سادون کا نیوز ایجنسی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ برآمدات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل اور یو اے ای کے مابین معاہدہ یہودی آبادکاری والے علاقوں تک پھیلا ہوا ہے، یعنی مغربی کنارے تک، جسے اسرائیل نے 1967ء میں اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔

چوالیس سالہ سادون کا کہنا تھا، ''یہ متحدہ عرب امارات کے لوگوں کے لیے خوشی کی بات ہو گی، امن عمل کو محسوس کرنا، اس کا حصہ بننا۔ اگر آپ ابوظہبی کے ایک ہوٹل میں بیٹھے ہوں اور تورا (وائن) کا ایک گلاس پئیں تو یہ تاریخ کا حصہ بننے کے مترادف ہے۔‘‘ 

یہ اسرائیلی کمپنی زیتون کا تیل بھی متحدہ عرب امارات کو برآمد کر چکی ہے اور ان بوتلوں پر بھی صرف یہی لکھا ہوا تھا: ''فرام دا لینڈ آف اسرائیل۔‘‘

Westjordanland | Israelische Siedlung Rehelim | Tura Weinkellerei
تصویر: Ronen Zvulun/REUTERS

متحدہ عرب امارات کے حکام سے جب مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تیار کردہ مصنوعات کی درآمد کے حوالے سے پوچھا گیا، تو انہوں نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ تاہم یہ ضرور کہا گیا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات سے علاقے میں امن پھیلے گا۔

متحدہ عرب امارات نے ایسی کوئی شرط بھی نہیں رکھی کہ مقبوضہ علاقوں میں تیار کردہ اشیاء پر یہ لیبل لگایا جائے کہ وہ یہودی آبادکاری والے علاقوں میں تیار کی گئی ہیں۔

یورپی یونین میں ایسے لیبل لگانا ضروری ہیں تاکہ عوام کو آگاہ کیا جا سکے کہ وہ کس علاقے کی چیز خرید رہے ہیں۔

گزشتہ برس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر صرف 'میڈ ان اسرائیل یا پراڈکٹس آف اسرائیل‘ لکھا جانا کافی ہے۔

نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیل کی یہودی آبادکاری کی پالیسی کے ناقد ہیں لیکن یہ واضح نہیں کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کی لیبلنگ گائیڈ لائنز کو تبدیل کریں گے یا نہیں۔

فلسطینیوں کا احتجاج

ريحاليم سے تقریباﹰ دو کلومیٹر دور یوسف نامی گاؤں واقع ہے۔ وہاں زیتون اور شہد کا کاروبار کرنے والے ستاون سالہ فلسطینی کسان نظام عبدالرزاق کا کہنا تھا، ''یہ دیکھ کر دل ٹوٹ جاتا ہے کہ ہمارے مسلمان بھائی( متحدہ عرب امارات میں) اپنی رقم لگا کر ہمارے دشمن کی حمایت کر رہے ہیں۔‘‘

تورا کمپنی کے فیس بک پیج پر اس تقریب کی تصاویر بھی پوسٹ کی گئی ہیں، جو دسمبر میں معاہدے کے وقت ابوظہبی میں منعقد کی گئی تھی۔ اس تقریب میں بھی ایک میز پر تورا وائن کی بوتل دیکھی جا سکتی ہے۔ تورا کمپنی متحدہ عرب امارات کو شہد بھی برآمد کرے گی۔

فلسطینی اتھارٹی کی وزارت اقتصادیات نے مقبوضہ علاقوں میں تیار کردہ مصنوعات کی خریداری کو ''بین الاقوامی قوانین کی صریحاﹰ خلاف ورزی‘‘ قرار دیا ہے۔ اتھارٹی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ایسا کرنا مقبوضہ علاقوں میں یہودی آبادکاری کو جائز تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔

اسرائیل کے مطابق مقبوضہ علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر غیرقانونی نہیں ہے کیوں کہ یہودیوں کے اس زمین کے ساتھ بائبل میں تذکرے کی حد تک بھی تاریخی اور سیاسی روابط ہیں۔ اسرائیل مغربی کنارے کے علاقے میں اب تک تقریباﹰ چار لاکھ چالیس ہزار یہودیوں کو آباد کر چکا ہے جبکہ وہاں فلسطینیوں کی آبادی تقریباﹰ تیس لاکھ بنتی ہے۔

ا ا / م م (روئٹرز)