1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصری ڈرامہ سیریل: جیوئش کوارٹر

عابد حسین26 جون 2015

مصرمیں تیار کی جانے والی طویل ڈرامہ سیریل میں قدیمی قاہرہ کے منظر کو فلمایا گیا ہے۔ اِس میں مذہبی ہم آہنگی کو خاص طور پر پیش کیا گیا ہے اور قدیمی قاہرہ کے تعصب سے پاک سماجی رویوں کی عکاسی کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Fnlt
تصویر: picture alliance/ZUMAPRESS

مغربی دنیا میں ایک ہی موضوع یا طویل کہانی پر مبنی کئی اقساط کے مسلسل ڈرامے کو ’سوپ اوپرا‘ کہا جاتا ہے۔ مصر میں تخلیق کیے جانے والا سوپ اوپرا ’جیوئش کوارٹر‘ کے مصنف مدحت العادل ہیں۔ اِس ڈرامہ سیریز میں قاہرہ شہر کی سابقہ یہودی بستی حارت الیہود کی اندرونی زندگی کو پیش کیا جا رہا ہے۔ حاریت الیہود کی بستی سن 1948 کی عرب اسرائیل جنگ تک قائم تھی اور ڈرامے میں اُسی دور کے روز وشب کو پیش کیا جا رہا ہے۔

سن 1948 میں حارت الیہود میں یہودیوں کے ہمراہ مسیحی اور مسلمان مذاہب کے افراد بھی رہتے تھے۔ سوپ اوپرا میں ان تینوں ادیان کے لوگوں کا رہن سہن اور چلن دکھایا گیا ہے کہ کس طرح قاہرہ کی فضا کس طرح تعصب سے پاک تھی۔ یہ ڈرامہ سیریز مقدس مہینے رمضان میں نشر کی جا رہی ہے۔ رمضان کا مہینہ مصر میں کاروبار کے ساتھ ساتھ ٹیلی وژن نشریات کے لیے انتہائی اہم خیال کیا جاتا ہے۔ سن 1948 کی عرب اسرائیل جنگ سے قبل 80 ہزار کے قریب یہودی مصر میں آباد تھے اور بعد میں یہ ہجرت کر گئے۔

Frankreich Monatstag Charlie Hebdo-Anschlag
قاہرہ کی طرح کئی دوسرے ملکوں کے اہم شہروں میں بھی جیوئش کوارٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا تھاتصویر: DW/E. Bryant

ڈرامہ سیریل جیوش کوارٹر کے مصنف مدحت العادل کا کہنا ہے کہ وہ مصری تعصب کے رویے کو توڑنا چاہتے ہیں اور اِس ڈرامے میں تینوں ادیان کے میل جول اور روابط کو دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کسی دور میں قاہرہ کی فضا کثیرالمذہبی اور کثیرالثقافتی ہوا کرتی تھی۔ العدال کے مطابق وہ یہ پیش کرنا چاہتے ہیں کہ قدیمی قاہرہ شہر مختلف معاشرتی اقدار کا حامل رہا ہے جو قطعاً تعصب گزیدہ نہیں تھا۔ العادل نے اپنے ڈرامہ سیریل میں معمول کی یہودی حیات کو پیش کیا ہے اور آج کل اُن کے بارے میں جو منفی اور حقارت آمیز رویہ پایا جاتا ہے، اُس کو رَد کیا ہے۔

اِس ڈرامہ سیریل کو اسرائیل میں بھی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ قاہرہ میں قائم اسرائیلی سفارت خانے نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پہلے بیان میں کہا ہے کہ اِس ڈرامے میں یہودیوں اور اُن کی روزمرہ زندگی کو درست انداز میں پیش کرتے ہوئے انہیں بھی معمول کے انسان دکھایا گیا ہے۔ ڈرامہ سیریل جوں جوں آگے بڑھتی ہے، اِس میں صیہونیت کی مخالفت کو سامنے لایا گیا اور ریاست اِسرائیل کو ہدفِ تنقید بھی بنایا گیا ہے۔ ڈرامے کے اِس پہلُو پر اسرائیلی سفارت خانے نے تنقید کرتے ہوئے اِس کو منفی اپروچ سے تعبیر کیا ہے۔

اِس ڈرامہ سیریل میں مرکزی کردار اردنی اداکار ایاد نصار اور مصری اداکارہ منہ شلبی نے ادا کیے ہیں۔ ناظرین نے بھی اس سیریل کی پذیرائی کرتے ہوسے کہا کہ اِسش میں ایک نئے مصر کی دریافت کی گئی ہے۔ کئی لوگوں نے بھی کرداروں کو پہنائے گئے ملبوسات کی جہاں تعریف کی ہے وہاں یہودی حیات کے مختلف پہلووں کے بارے میں دی گئی معلومات کو بھی پسند کیا ہے۔ مصر کی انتہائی قلیل یہودی آبادی کی سربراہ مگدا ہارون نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اِس میں کئی تاریخی غلطیاں موجود ہیں۔