1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصر کے ساتھ تجارت کے امکانات روشن ہیں، ویسٹر ویلے

10 جولائی 2012

جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے کہا ہے کہ مصر جمہوریت کی راہ پر گامزن رہے تو اس کے ساتھ نئی سرمایہ کاری اور تجارت کے امکانات روشن ہے۔ وہ دو روزہ دورے پر مصر میں ہیں، جہاں وہ آج مصری صدر سے ملاقات کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/15URo
گیڈو ویسٹر ویلے اپنے مصری ہم منصب محمد کامل کے ساتھتصویر: Reuters

جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے آج مصر میں صدر محمد مُرسی کے علاوہ عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی سے بھی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے پیر کو قاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب محمد کامل سے ملاقات کی۔ بعدازاں انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ متعدد جرمن کمپنیاں مصر میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں اور وہاں وہ پائیدار ترقی اور مستحکم جمہوریت کی خواہاں ہے۔ انہوں نے اسی بات کو مصر کے لیے اپنا پیغام قرار دیا۔

ویسٹر ویلے کے مطابق ان کی مصر میں موجودگی اس بات کا اشارہ ہے کہ یورپ کی سب سے بڑی معیشت مصر کی سیاسی تبدیلی سے جُڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’مصر کے عوام نے ۔ ۔ ۔ جمہوری شراکت مانگی تھی، لیکن انہوں نے اقتصادی اور سماجی شراکت بھی مانگی تھی اور جرمنی اقتصادی ترقی میں اچھا تجربہ رکھتا ہے۔‘‘

مصری وزیر خارجہ محمد کامل کا کہنا تھا کہ قاہرہ کے لیے برلن حکومت کی حمایت اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’یہ واضح ہے کہ جرمنی تبدیلی کے اس غیرمعمولی عمل کے وقت پر مصر کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم ہمیشہ مدد اور تعاون کے لیے ایسے اچھے دوستوں کی طرف دیکھتے ہیں۔‘‘

Ägypten Mursi Westerwelle JANUAR 2012
ویسٹرویلے منگل کو مصر کے صدر محمد مرسی سے ملاقات کر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق صدر حسنی مبارک کے دورِ اقتدار کے بعد سے تبدیلی کے لیے جرمنی مصر کو مالی امداد فراہم کرنے والے سب سے بڑے ملکوں میں سے ایک ہے۔ تاہم سیاسی بحران کی وجہ سے مصر میں سرمایہ کاری اور سیاحت پر منفی اثرات مرتب رہے ہیں۔

گیڈو ویسٹر ویلے نے مصر کو عرب اسپرنگ کی کامیابی کے لیے اہم ملک قرار دیا۔ انہیں مصر میں گزشتہ ماہ کے صدارتی انتخابات کے بعد کسی مغربی ملک کی جانب سے مصر جانے والا پہلا وزیر خارجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم مبارک کے زوال کے بعد سے یہ ان کا پہلا دورہ مصر نہیں ہے۔ اپنے دوروں میں وہ انقلاب کے لیے مصریوں کا بارہا خیر مقدم کر چکے ہیں۔

تقریباﹰ چھ ماہ قبل قاہرہ میں انہوں نے ایک بیان میں کہا تھا: ’’ایک مرتبہ پھر میں مصر کے عوام کو انقلاب پر مبارکباد دیتا ہوں۔ مصری عوام فخر کر سکتے ہیں، کیونکہ انہوں نے تاریخ رقم کی ہے۔‘‘

ng/sks (AFP)