1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مصباح کی جارحانہ بیٹنگ، پاکستان فتح سے ہمکنار

کشور مصطفیٰ11 فروری 2015

مایہ ناز پاکستانی بلے باز مصباح الحق نے سڈنی گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے آخری وارم اپ میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک شاندار کامیابی دلوا دی۔

https://p.dw.com/p/1EZag
تصویر: Cameron Spencer/Getty Images

پندرہویں کرکٹ ورلڈ کپ سے پہلے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیم کا مقابلہ پاکستان کے حق میں چار وکٹوں کی فتح سے ہوا۔ انگلینڈ نے پاکستان کو فتح کے لیے دو سو اکاون رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 49 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ چالیس سالہ مصباح الحق نے اکانوے اسکور کر کے شائقین کا دل خوش کر دیا۔ وہ اکانوے کے اسکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ مصباح نے کُل نناوے بالز پر دو چھکے اور پانچ چوکے لگائے۔ چوتھی وکٹ پر وہ عمر اکمل کی پارٹنر شپ میں کھیل رہے تھے۔ اس پارٹنر شپ میں پاکستانی ٹیم کو 133رنز ملے۔ جبکہ عمر اکمل نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے پینسٹھ رنز کی اننگز کھیلی۔

بدھ کو انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تو انگلینڈ نےگیری بیلنس اور جوائے روٹ کی نصف سنچریوں کی بدولت آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچاس رنز بنائے۔

Cricket One Day International World Cup Pakistan England
مصباح نے کُل نناوے بالز پر دو چھکے اور پانچ چوکے لگائےتصویر: AFP/Getty Images/W. West

بیلنس نے ستاون رنز کی اننگز کھیلی جبکہ روٹ پچاسی رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ ایلکس ہیلز اور جورڈن نے بھی 31، 31 رنز کی اننگز کھیلیں۔ پاکستان کے لیے یاسر شاہ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ سہیل خان نے دو اور شاہد آفریدی، وہاب ریاض اور احسان عادل نے ایک ایک وکٹ لی۔

پاکستان کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں عمر اکمل پینسٹھ، حارث سہیل تینتیس، یونس خان انیس جبکہ صہیب مقصود بیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن، سٹورٹ براڈ ،جورڈن اور ٹریڈویل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے جے ای روٹ پچاسی جبکہ جی ایس بلانسے ستاون رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو پچاس رنز بنائے تھے۔