1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرف کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

18 مئی 2013

ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ اور ججز کو زیر حراست رکھنے کے کیس میں پاکستانی عدالت نے پرویز مشرف کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید دوہفتے کی توسیع کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/18aQJ
تصویر: Reuters

درخواست ضمانت میں پرویز مشرف کے وکیل نےمؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے مکمل چالان پیش نہیں کیا، اس کیس کے مدعی نے اپنی درخواست واپس لے لی ہے اور وہ مقدمے سے دستبردار ہوگیا ہے لیکن پولیس نےعدالت کو آگاہ نہیں کیا۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے ججز نظر بندی کیس میں مشرف کے خلاف درخواست گزار محمد اسلم گھمن کے حوالے سے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلم گھمن نے اس حوالےسے ڈی پی اے کو بتایا، ’’ یہ درخواست میں نے ذاتی حیثیت میں دائر کی تھی اور اب میں ملک کے وسیع تر مفاد میں یہ سمجھتا ہوں کہ مجھے اس درخواست کو واپس لے لینا چاہیے۔‘‘

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اس کیس کی سماعت یکم جون تک ملتوی کردی ہے۔ پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کی ترجمان آسیہ اسحاق کا کہنا ہے کہ کیونکہ اب مدعی نے درخواست وآپس لے لی ہے لہٰذا اس کیس کو جاری رکھنے کا اب کوئی جواز نہیں ہے۔

اس حوالے سے وکیل استغاثہ عامر ندیم طابش کا کہنا تھا کہ عدالت نے ان کی درخواست پر پرویز مشرف کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی ہے کیونکہ عدالت سمیت کسی کو بھی پہلے یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ اسلم گھمن نے اپنی درخواست واپس لے لی ہے۔

Pakistan Ex-Präsident Pervez Musharraf
پرویز مشرف مختلف مقدمات میں اپنے گھر میں نظر بند ہیںتصویر: Reuters

پاکستان میں اس حوالے سے آراء منقسم ہے کہ مدعی کے درخواست واپس لینے کے بعد مقدمہ خودبخود ختم ہوجائے گا یا نہیں۔آسیہ اسحاق کا کہنا ہے کہ مدعی کی دستبرداری کے بعد مقدمے کی قانونی حثیت ختم ہوگئی ہے۔ ایک اور مقدمے میں پرویز مشرف کے خلاف پیش ہونے والے وکیل قمر افضل کا کہنا کہ مقدمہ واپس لینے کا اختیار صرف ریاست کو ہے۔

خیال رہے کہ پرویز مشرف تقریباً ساڑھے چار سالہ خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے کے مارچ میں 2013 ء کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پاکستان آئے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے کراچی، اسلام آباد، قصور اور چترال سے ان کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کردیے تھے۔ مشرف کو نواب اکبر بگٹی اور بے نظیر بھٹو قتل سمیت کئی دیگر مقدمات کا سامنا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ اپنے دورِ حکومت میں وطن واپسی پر بے نظیر بھٹو کو مناسب سیکورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہے تھے۔

بے نظیر بھٹو مقدمہء قتل میں وکیل استغاثہ کو اسی ہفتے چند نامعلوم افرادنے وفاقی دارلحکومت میں فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ سیکورٹی خطرات کی وجہ سے پرویز مشرف کو عدالت حاضری سے استثنٰی حاصل ہے۔

zb/ng(dpa)