1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مزید کئی عرب رياستوں کے ساتھ خفيہ مذاکرات جاری، نيتن ياہو

30 اگست 2020

اسرائيلی وزير اعظم کے بقول سفارتی تعلقات کے قيام کے ليے مزید کئی عرب رياستوں کے ساتھ خفيہ مذاکرات جاری ہيں۔ متحدہ عرب امارات اور اسرائيل کے مابين حاليہ معاہدے پر مسلم ملکوں کا مجموعی رد عمل بظاہر منفی رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/3hm3d
Israeli Kabinettsitzung | Benjamin Netanjahu
تصویر: Reuters/A. Sultan

اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو نے کہا ہے کہ سفارتی تعلقات کے قيام کے ليے متعدد عرب رياستوں کے ساتھ بات چيت کا عمل جاری ہے۔ نيتن ياہو نے اتوار کے روز اپنے ايک بيان ميں کہا کہ عرب اور مسلم ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ کئی ايسی ملاقاتيں يا تو ہو رہی ہيں يا ہونے والی ہيں، جن کی تفصيلات عام نہيں کی گئيں۔

فلسطين کی آزادی کے ليے لڑنا اسلامی فريضہ ہے، خامنہ ای

دیگر عرب ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کریں، پومپیو کا مطالبہ

يہ امر اہم ہے کہ امريکا کی ثالثی ميں تيرہ اگست کو اعلان کردہ تاريخی معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات اور اسرائيل نے آپس میں سفارتی تعلقات قائم کر لينے کا فیصلہ کیا تھا۔ ہفتہ انتیس اگست کو متحدہ عرب امارات کے صدر خليفہ بن زید النہيان نے ايک صدارتی حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے اسرائيل کے ساتھ تعلقات پر پابندی کو باضابطہ طور پر منسوخ بھی کر ديا تھا۔ يوں دونوں ملکوں کے درميان تجارت سميت کئی شعبوں ميں باہمی معاہدوں کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ مصر اور اردن کے بعد متحدہ عرب امارات تيسرا ايسا عرب ملک ہے، جس نے اسرائيل کے ساتھ تعلقات قائم کيے ہيں۔

مزيد فلسطينی علاقہ ضم کرنے کے اسرائيلی منصوبے پر احتجاج

اسرائيلی وزير اعظم کا ديگر عرب رياستوں کے ساتھ خفيہ مذاکرات سے متعلق بيان ايک ايسے وقت پر سامنے آيا ہے جب اکتيس اگست کو تل ابيب سے ابو ظہبی کے ليے اولين پرواز بھی اڑے گی، جس میں امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور سينئر مشير جیئرڈ کشنر بھی سوار ہوں گے۔ کشنر کا ان سفارتی تعلقات کے قیام کی ڈيل ميں کليدی کردار رہا ہے۔ اسرائيل اور متحدہ عرب امارات جلد ہی آپس میں سفارت خانوں کے قيام اور کئی ديگر معاملات کو بھی حتمی شکل دے ديں گے۔

ع س / م م )اے ايف پی(