1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مریض کم ہیں، عرب ممالک فائدہ اٹھائیں‘

17 اپریل 2020

عالمی ادارہ صحت کے مطابق مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں کورونا وائرس کے مریض قدرے کم ہیں اور اس وقت موثر اقدامات کے ذریعے خطے میں اس وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/3b3BR
Corono-Krise Weltweit | Gaza Palästina
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Hana
  • کورونا وائرس کے مریض کم ہے، عرب ممالک فائدہ اٹھائیں: عالمی ادارہ صحت
  • کورونا وائرس سے ہلاکتيں ڈیڑھ لاکھ کے قریب
  • بچے کورونا وائرس کی وبا سے بالواسطہ متاثر ہو رہے ہیں، اقوام متحدہ
  • کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ، میانمار میں ایک چوتھائی قیدیوں کی رہائی

 

کورونا وائرس کے مریض کم ہے، عرب ممالک فائدہ اٹھائیں: عالمی ادارہ صحت

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد قدرے کم ہے اور یہاں بہتر اقدامات کر کے اس وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مشرقی میڈیٹیرینینن خطے کے متعدی بیماریوں کے انسداد کے شعبے کے ڈائریکٹر یوان ہُوتِن نے کہا کہ مشرقی وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ گیارہ ہزار ہے، جب کہ اب تک اس پورے خطے میں ساڑھے پانچ ہزار ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

کورونا وائرس سے ہلاکتيں ڈیڑھ لاکھ کے قریب

امریکا کی جان ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق کووِڈ انیس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتیں ایک لاکھ پینتالیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں جب کہ اس مرض سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی اکيس لاکھ اٹھاون ہزار پانچ سو چورانوے ہو چکی ہے۔ اس متعدی وبا کے نتیجے میں سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں، جہاں مجموعی طور پر تینتيس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان میں سامنے آنے والا نيا کورونا وائرس اب دنیا کے 185 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ پاکستان میں اب تک قریب سات ہزار افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک سو اٹھائیس ہے۔

BdTD Myanmar Muse Grenze zu China Temperaturkontrolle bei Kind
دنیا بھر میں ہزاروں بچے کورونا وائرس کے سماجی اور اقتصادی اثرات کی زد میں ہیںتصویر: AFP/Phyo Maung Maung

بچے کورونا وائرس کی وبا سے بالواسطہ متاثر ہو رہے ہیں، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک بچے عالمی وبا کووڈ انیس کی سنجیدہ علامات سے تو کم متاثرہ ہوئے ہیں، مگر اس وبا کے سماجی اور اقتصادی اثرات نے لاکھوں بچوں کو متاثرہ کیا ہے۔ جمعرات کو شائع ہونے والی ايک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا بچوں کے حقوق کے حوالے سے ایک بحران کا سبب بنتی جا رہی ہے۔ عالمی رپورٹ کے مطابق دنیا کے تمام ممالک میں تمام عمروں کے بچے اس وبا کے سماجی اور اقتصادی اثرات کا شکار ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ، میانمار میں ایک چوتھائی قیدیوں کی رہائی

Bangladesch Symbolbild Rohingya-Flüchtlingslager in Cox's Bazar
میانمار میں ہزاروں قیدی رہا کیے جا رہے ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/A.M. Ahad

میانمار کے صدارتی دفتر نے ملک بھر کی جیلوں میں قید 25 ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میانمار میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی حامل جیلوں کی بابت خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ یہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہیں۔ جنوب مشرقی ایشیائی ملک میانمار میں ہر سال ہزاروں قیدیوں کو معافی دی جاتی ہے۔ اپریل میں میانمار میں نیے سال کے آغاز کا دن منایا جاتا ہے، جس موقع پر قیدی رہا کیے جاتے ہیں، تاہم اس بار رہائی پانے والے قیدیوں کی تعداد ماضی کے مقابلے میں ریکارڈ حد تک زیادہ ہے۔ میانمار میں اب تک 85 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جب کی یہاں اس وبا کی وجہ سے چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکا سے تارکین وطن کی گوئٹے مالا ملک بدری پھر معطل

امریکا سے غیرقانونی تارکین وطن کو ملک بدر کر کے گوئٹے مالا واپس بھیجنے کے لیے جاری پروازیں پھر معطل کر دی گئی ہیں۔ پروازوں کی معطلی کا یہ فیصلہ ايک حالیہ پرواز میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد کے پیش نظر کیا گیا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا تھا کہ پیر کے روز 76 تارکین وطن کو امریکا سے گوئٹے مالا بھیجا گیا، جب کہ ان میں سے 44 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم ان خبروں پر گوئٹے مالا کی حکومت نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

نائجیریا میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 18 افراد ہلاک

نائجیریا میں سکیورٹی فورسز نے کورونا وائرس کے خلاف جاری لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 18 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ نائجیریا میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے کے مطابق یہ سکیورٹی اہلکار لاک ڈاؤن کی ہدایات پر عمل درآمد کرا رہے تھے۔ نائجریا میں لاگوس اور ابوجا میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ اب تک نائیجریا میں 407 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے، جب کہ یہاں ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 12 ہیں۔

غیر ملکی ہیکروں نے کووِڈ انیس تحقیق کو ہدف بنایا، امریکی عہدیدار

ایک سینیئر امریکی سائبر سکیورٹی عہدیدار نے کہا ہے کہ غیر ملکی حکومتوں سے وابستہ ہیکروں نے امریکا میں کووِڈ انیس سے متعلق جاری تحقیق کو ہدف بنایا۔ ایف بی آئی کی ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹونیا اگوریٹس نے واشنگٹن میں ایسپین انسٹیٹیوٹ میں محققین سے خطاب میں بتایا کہ غیرملکی ہیکروں کی جانب سے امریکا میں صحت کے نظام اور تحقیقی اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ان اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو عوامی سطح پر کورونا وائرس پر تحقیق کی شناخت رکھتے ہیں۔