1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

متنازعہ یروشلم علاقوں میں مزید 900 مکانات کی تعمیر کا اسرائیلی فیصلہ

18 نومبر 2009

اسرائیل نے مشرقی یروشلم کے مقبوضہ علاقوں میں یہودی آباد کاری کی توسیع کرتے ہوئے مزید 900 مکانات کی تعمیر کا اعلان کردیا ہے

https://p.dw.com/p/KZPB
تصویر: AP

اس اعلان سے فلسطین۔اسرائیل امن مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کو ایک اورشدید دھچکالگا ہے۔ عالمی برادری نے فوری طور پر اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہوے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ اس قسم کے جارحانہ اقدامات سے گریز کرے۔

یہودی آباد کاری کے منصبوے میں مزید توسیع پراسرائیل کے قریبی حلیف سمجھے جانے والے ملک امریکہ نے بھی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اوباما انتظامیہ کوخدشہ ہے کہ یروشلم میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر سےمذاکراتی سلسلے کی بحالی کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

Symbolbild Ein 1 Jahr Präsidentschaftswahlsieg Obama
امریکی صدر اوباما کی انتظامیہ نے نئے مکانات کی تعمیر کے فیصلے پر تنقید کی ہےتصویر: WhiteHouse

صدر باراک اوباما کے ترجمان رابرٹ گبس کا واشنگٹن میں کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں اس اعلان نے فریقین کے درمیان مذاکرات بحال کرانے کو مزید مشکل کردیا ہے۔ امریکی موقف کی وضاحت کرتے ہوے گبس نے کہا کہ یروشلم کا معاملہ ایک حل طلب مسئلہ ہے جس کا حل، فریقین کے مابین مذاکرات کے ذریعے ہی نکلنا چاہیے۔

اطلاعات کے مطابق، مشرقی وسطیٰ کے لئے اوباما کے خصوصی مندوب جارج مچل کے ذریعے اسرائیلی حکام کو اس فیصلے پر امریکی ناراضگی سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ نئی امریکی انتظامیہ کی جانب سے طویل عرصے سے جاری اس تنازعے کے حل کا عزم ظاہر کرکے اسرائیل کو اس قسم کے جارحانہ اقدامات سے باز رہنے کی تلقین کی جارہی ہے۔ امریکی صدر متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ اسرائیل کو امن اور فلسطین کو آزاد ریاست کے قیام کی خاطر اعتماد سازی کی فضا بحال کرنا ہوگی۔

دوسری جانب، بن یامین نیتن یاہو کی قیادت میں دائیں بازو کی اسرائیلی حکومت، کسی عالمی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیرمشرقی یروشلم کے متنازعہ علاقوں میں نئے مکانات کی تعمیر میں مصروف ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حکومت نے ایسے وقت میں یہودی بستیوں میں مزید توسیع کی بات کی ہے، جب فلسطینی حکام امن مذکرات کی بحالی کے لئے پہلے سے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو مکمل طورپر روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ امن مذاکرات گزشتہ سال دسمبر کی غزہ جنگ کے بعد سے منقطع ہیں۔

Israelische Luftwaffe greift weiter Ziele im Gazastreifen an
امن مذاکرات دسمبر کی غزہ جنگ کے بعد سے منقطع ہیں۔تصویر: picture-alliance / dpa

تنازعے کے دوسرے فریق، فلسطین کی جانب سے اب اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے ذریعے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ فلسطین کے اعلیٰ مذاکرات کار صائب ائرکات کے بقول عرب وزرائے خارجہ کے حمایت یافتہ منصوبے کے تحت سلامتی کونسل میں فلسطینی ریاست کو 1967 ء کی سرحدوں کے مطابق تسلیم کروانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل یورپی یونین، روس، افریقی، ایشیائی اورلاطینی ممالک کی حمایت حاصل کی جائے گی پھر امریکہ پر دباو بڑھایا جائے گا کہ اگر وہ اسرائیل کو متنازعہ اقدامات اٹھانے سے نہیں روک سکتا تو پھر فلسطینی ریاست تسلیم کرنے سے متعلق قرارداد کو بھی ویٹو نہ کرے۔

واضح رہے کہ فلسطین میں عسکری جماعت حماس اور صدر محمودعباس کی الفتح کے باہمی اختلافات بھی تنازعے کی حل کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ یاد رہے کہ 1967ء کی چھ روزہ جنگ میں اسرائیل نےمشرقی یروشلم سمیت مغربی کنارے کے تمام علاقوں پر قبضہ کرلیا تھا۔ دوسری جانب فلسطین اس خطے کو اپنی آزاد اور خودمختار ریاست کا دارالحکومت بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں