1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

متعدد یوکرینی ڈرونز مار گرانے کا روسی دعویٰ

12 اگست 2023

روس نے ہفتے کے روز دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یوکرین کے 20 بغیر پائلٹ طیارے مار گرائے ہیں۔ روسی بیان کے مطابق ان یوکرینی ڈرونز کو کریمیا کے علاقے کے قریب تباہ کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4V5t4
Ukrainische wiederverwendbare Luftangriffsdrohne `Punisher´
تصویر: SERGEI SUPINSKY/AFP

حالیہ کچھ عرصے میں یوکرین روس کے زیرقبضہ علاقے آزاد کروانے کے لیے بڑی عسکری کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور اس دوران روس کے زیرقبضہ علاقے کریمیا پر یوکرینی حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

جدہ میں یوکرین مذاکرات: مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

روس یوکرین جنگ: سعودی عرب امن مذاکرات کا میزبان

ٹیلی گرام مسیجنگ سروس پر روسی وزارت دفاع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مجموعی طور پر بیس یوکرینی ڈرون تباہ کیے گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے چودہ ڈرونز کو روسی فضاعی دفاعی نظام نے تباہ کیا جب کہ چھ کو الیکٹرانک وارفیئر کے ذریعے گرایا گیا۔ روسی بیان کے مطابق اس دوران کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ایک ڈرون طیارہ روسی دارالحکومت ماسکو سے ایک سو پچاس کلومیٹر دور کالوگا خطے میں مار گرایا گیا۔ بیان کے مطابق ممکنہ طور پر یہ ڈرون حملہ ماسکو پر حملوں کی کوشش کے تازہ سلسلے کی ایک کڑی ہو سکتا ہے۔

جولائی میں یوکرینی ڈرون حملے میں کریمیا میں گولے باردو کی ایک ذخیرہ گاہ تباہ ہو گئی تھی جب کہ کریمیا کو روسی سرزمین سے ملانے والے کیرچ کے پل کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔ کریمیا کے علاقے کو سن 2014  کے دوران روس میں ضم کر لیا گیا تھا۔

دوسری جانب یوکرین میں ہفتے کے روز ہونے والے روسی حملوں میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جب کہ دیگر بارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حملہ جنوبی زاپوریژیا کے علاقے میں کیا گیا۔

یوکرینی اور روسی فوج کا جنگ میں ڈرونز کا استعمال

یوکرینی حکام کے مطابق خارکیف خطے میں بھی ایک شخص روسی حملے میں ہلاک ہوا۔ دوسری جانب یوکرینی بیان میں زاپوریژیا کے علاقے میں تین ایرانی ساختہ ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ع ت، ا ا (اے ایف پی)