1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مادام تساؤ میوزیم اگلے سال سے سڈنی میں بھی

11 اگست 2011

برطانوی دارالحکومت لندن کے مشہور زمانہ مومی عجائب گھر مادام تساؤ کی طرف سے آج جمعرات کو بتایا گیا کہ اگلے سال سے اسی میوزیم کی آسٹریلوی شہر سڈنی میں بھی ایک شاخ کھول دی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/12FGb
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا لندن کے مادام تساؤ میں رکھا گیا مومی مجسمہتصویر: AP

سڈنی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق اس منفرد میوزیم کی مالک کمپنی کی طرف سے سڈنی میں یہ عجائب گھر شہر کے سڈنی ہاربر نامی اس بندرگاہی علاقے میں قائم کیا جائے گا، جو پہلے ہی سڈنی اوپیرا ہاؤس کی عمارت کی وجہ سے بہت مشہور ہے اور جہاں ہر سال لاکھوں کی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح جاتے ہیں۔

Sachin Tendulkar
سچن تندولکر مادام تساؤ میوزیم میں اپنی مومی نقل کے ساتھتصویر: Fotoagentur UNI

فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ کمپنی کے بیانات کے مطابق سڈنی میں اس میوزیم کا افتتاح اگلے برس مئی میں ہو جائے گا اور ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ نکول کڈمین اور سٹار اداکار ہیو جیک مین وہ ’پہلے آسٹریلین سٹارز‘ ہوں گے، جن کے مومی مجسمے سڈنی کے مادام تساؤ میوزیم میں رکھے جائیں گے۔

کہا گیا ہے کہ سڈنی میں Madame Tussauds کی شاخ اور وہاں رکھے جانے والے عالمی شہرت کی حامل شخصیات کے مومی مجسموں کی تیاری میں بھی انتہائی اعلیٰ معیار کا وہی فنکارانہ ہنر اور مہارت استعمال کیے جائیں گے، جو گزشتہ دو سو سال سے اس کمپمنی کا خاصا چلا آ رہا ہے۔

Heidi Klum in Wachs im Madame Tussauds Berlin
جرمن سپر ماڈل ہائیڈی کلُوم: اصلی بھی اور مومی بھیتصویر: picture-alliance/ dpa

اس عجائب گھر کی مالک کمپنی کے ایک بیان کے مطابق عہد حاضر کی جن مشہور شخصیات کے مجسمے اس میوزیم کی مختلف شاخوں کے لیے تیار کیے جاتے ہیں، اکثر ایسی شخصیات کو ماڈلز کے طور پر کمپنی کے ماہر مجسمہ سازوں کے ساتھ کافی وقت بھی گزارنا پڑتا ہے۔ اس سلسلے میں کئی بہت مشہورآسٹریلوی شخصیات کے ساتھ ہونے والی بات چیت اب تک کافی آگے بڑھ چکی ہے۔

سڈنی کے مادام تساؤ کے لیے جس پہلی آسٹریلوی شخصیت کا مومی مجسمہ تیار کیا جائے گا، وہ Home and Away نامی سوپ اوپیرا کے ہر دلعزیز اداکار Ray Meagher ہوں گے، جو سن 1988 سے اس بہت مقبول ٹیلی وژن سیریز میں Alf Stewart کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس عجائب گھر میں متوقع طور پر سیاست اور کھیلوں کے شعبے کی کئی نمایاں شخصیات کے مجسمے بھی نمائش کے لیے رکھے جائیں گے۔

Flash-Galerie Claudia Schiffer
کلاؤڈیا شفر، اصلی اور نقلی ڈیوڈ کاپر فیلڈ کے درمیانتصویر: AP

لندن کا مادام تساؤ میوزیم موم کے بنے اپنے فن پاروں کی وجہ سے عالمگیر شہرت رکھتا ہے اور وہاں نمائش کے لیے رکھے گئے سبھی مجسمے متعلقہ شخصیات کی ان کے اصلی قد کاٹھ کے مطابق لیکن ناقابل یقین حد تک مشابہت والی ہو بہو نقل ہوتے ہیں۔

اس میوزیم کی ایشیا میں ہانگ کانگ اور بنکاک، یورپ میں برلن اور ایمسٹرڈم اور امریکہ میں نیو یارک اور لاس ویگاس سمیت کئی شہروں میں قائم شاخیں پہلے ہی کام کر رہی ہیں، جن میں مئی سن 2012 سے آسٹریلوی شہر سڈنی بھی شامل ہو جائے گا۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: امتیاز احمد