1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لز ٹرس نے نئی برطانوی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیا

7 ستمبر 2022

بورس جانسن کے مستعفی ہونے کے بعد لز ٹرس نے برطانیہ کی نئی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب برطانوی کابینہ میں چار اعلیٰ ترین عہدوں پر کوئی بھی سفید فام نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/4GV4e
Großbritannien, London: Liz Truss, neue Premierministerin
تصویر: Kirsty Wigglesworth/AP Photo/picture alliance

کنزرویٹیو پاٹی کی رہنما لز ٹرس نے منگل کے روز برطانیہ کی  نئی  وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا اور نئی کابینہ کا اعلان کرنے سے قبل انہوں نے شاہی محل جا کر ملکہ ایلزبتھ سے ملاقات کی۔ اس سے قبل رخصت پزیر وزیر اعظم بورس جانسن نے ملکہ برطانیہ کو اپنا استعفی سونپ دیا تھا۔

لز ٹرس نے کیا کہا؟

وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 10 ڈاوننگ اسٹریٹ کے باہر اپنی پہلی تقریر میں ٹرس نے اپنی تین اہم ترجیحات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، "میرے پاس معیشت کی ترقی کے لیے، ٹیکسوں میں کمی اور اصلاحات کے ذریعہ، ایک ٹھوس منصوبہ ہے۔ میں سخت محنت کا پھل دینے کے لیے ٹیکسوں میں کمی کروں گی اور تجارتی ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دوں گی۔"

انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ برطانیہ کو "امنگوں والی قوم" میں تبدیل کردیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ "پوٹن کی جنگ کی وجہ سے پیدا شدہ توانائی کے بحران سے نمٹیں گی" کیونکہ بہت سے برطانوی شہری اس موسم سرما میں اپنی گھروں کو گرم رکھنے کے حوالے سے فکرمند ہیں۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے شدید دباؤ کے باوجود مستعفی ہونے کے مطالبات مسترد کر دیے

انہوں نے کہا کہ ان کی تیسری ترجیح ملک کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانا ہے۔ "میں اس بات کو یقینی بناوں گی کہ عوام کو ان کی ضرورت کے مطابق ڈاکٹر اور نیشنل ہیلتھ سروس دستیاب ہوسکیں۔ ہم صحت خدمات کو ٹھوس بنیادوں پر فروغ دیں گے۔"

ٹرس نے اپنے پیش رو بورس جانسن کی بھی تعریف کی۔

لز ٹرس نے نئے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لینے سے قبل ملکہ ایلزبتھ سے ملاقات کی
لز ٹرس نے نئے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لینے سے قبل ملکہ ایلزبتھ سے ملاقات کیتصویر: Jane Barlow/ ASSOCIATED PRESS/picture alliance

ٹرس کی کابینہ میں کون کون ہیں؟

سابق وزیر تجارت کواسی کوارٹینگ کو وزیر خزانہ بنایا گیا ہے۔ گھانا سے تعلق رکھنے والی کواسی برطانیہ کی پہلی سیاہ فام وزیر خزانہ ہیں۔ اٹارنی جنرل سویلا

بریومین کو وزیر داخلہ بنایا گیا ہے۔ ان کے والدین کا تعلق کینیا اور ماریشش سے ہے وہ سن 1960میں برطانیہ آئے تھے۔

جیمس کلیورلی کو وزیر خارجہ بنا یا گیا ہے۔ وہ برطانیہ کی تاریخ میں پہلے سیاہ فام وزیر خارجہ ہیں۔ ان کی والدہ کا تعلق سیئرالیون سے ہے۔

بھارتی نژاد رشی سوناک کی برطانوی وزیر اعظم بننے کی امیدیں باقی

برطانیہ: وزیر اعظم بورس جانسن ایک نئے بحران سے دوچار، دو سینیئر وزراء مستعفی

وزیر دفاع بین ویلیس وزیر دفاع کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ حالیہ مہینوں میں یوکرین بحران سے بہتر طور پر نمٹنے کے لیے ان کی خاصی تعریف ہوئی ہے۔

عالمی رہنماوں کے ساتھ بات چیت

امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹرس کے ساتھ فون پر بات کی۔ دونوں رہنماوں نے اپنے تعلقات کو مستحکم کرنے اور روس کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کرنے کا وعدہ کیا۔

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی پہلے عالمی رہنما تھے جن کے ساتھ ٹرس نے بطور وزیر اعظم بات چیت کی۔ زیلنسکی نے کہا کہ انہوں نے  ٹرس کو کییف آنے کی دعوت دی اور یوکرین کی دفاعی اور اقتصادی مدد کرنے کے لیے برطانیہ کا شکریہ ادا کیا۔

ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ کے ایک ترجمان کے مطابق ٹرس نے زیلنسکی سے کہا، "یوکرین طویل عرصے تک برطانوی امداد پر انحصار کرسکتا ہے۔"

ج ا/ ص ز (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)