لذیذ اور تازہ بہ تازہ کھانے، ’اِیٹ فیسٹیول 2016ء‘
آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی ملک کا صرف اقتصادی حب ہی نہیں بلکہ یہ سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی شہرت رکھتا ہے۔ ’اِیٹ فیسٹیول 2016ء‘ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
خوشبوؤں سے رچا ایونٹ
’اِیٹ فیسٹیول 2016ء‘ کا آغاز جمعہ 22 جنوری کو ہوا اور یہ رنگا رنگ اور کھانوں کی اشتہا انگیز خوشبوؤں سے رچا یہ ایونٹ 24 جنوری کی شب اختتام کو پہنچے گا۔
انواع و اقسام کے کھانے
کراچی کے فیرئیر ہال کے گارڈن میں منعقد کیے گئے اس فیسٹیول میں ایک سو کے قریب مختلف اسٹالز لگائے گئے ہیں جن پر انواع و اقسام کے کھانے دستیاب ہیں۔
لائیو کوکنگ اور تازہ کھانے
اس فوڈ فیسٹیول میں بیشتر اسٹالز پر لائیو کوکنگ کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں آنے والے مہمانوں کو گرما گرم اور تازہ پکے کھانے پیش کیے جا رہے ہیں۔
دیسی کے علاوہ غیر ملکی کھانے بھی
اس میلے کے دوران ڈین مارک کے مشہور سینڈوچز، ترکی کے خاص کوفتےاور کوئلوں پر پکے دیسی کھانے مہمانوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں۔
میٹھے، کیک اور پیسٹریوں کی ورائٹی
مختلف فلیورز کے کیک اور پیسٹریوں کے اسٹالز پر بچوے ہی نہیں بڑے بھی اپنی باریوں کے انتظار میں نظر آتے ہیں۔
چائے کے روایتی ڈھابے
چائے کے روایتی ڈھابے بھی سردیوں کی شاموں کی مزید یادگار بنانے کے لیے اس فیسٹیول میں موجود ہیں۔
مناسب قیمت، خوش ذائقہ
اس فیسٹیول کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہاں موجود اسٹالز پر کھانے نہ صرف تازہ اور لذیذ ہیں، بلکہ وہ آپ کی جیب پر بھی بھاری نہیں پڑتے اور مناسب قیمتوں کے حامل ہیں۔
کھانوں اور شائقین میں اضافہ
منتظمین کے مطابق گزشتہ برس منعقد کیے جانے والے ’اِیٹ فیسٹیول‘ کے مقابلے میں نہ صرف کھانے پینے کے اسٹالز کی تعداد اور ورائٹی میں اضافہ ہوا ہے بلکہ شائقین کی تعداد بھی بڑھی ہے۔
بچوں اور فیملیز کی دلچسپی
’اِیٹ فیسٹیول 2016ء‘ میں کھانے پینے کے علاوہ بچوں کے لیے فیس پینٹنگ، شرٹ پرنٹنگ، فوٹو بوتھ اور اوپن مائک نائٹ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
تین روزہ ایونٹ
اتوار تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں دن 12 بجے سے رات 11 بجے تک صرف 250 روپے کی داخلہ فیس کے ساتھ شرکت کی جا سکتی ہے۔
نامور برانڈز اور ریستوران بھی ایونٹ کا حصہ
کھانے کے حوالے سے مشہور کئی نامور برانڈز اور ریستورانوں کی جانب سے بھی اس ایونٹ میں اسٹالز سجائے گئے ہیں جہاں خوش ذائقہ کھانوں کی بڑی ورائٹی موجود ہے۔