1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہپاپوا نیو گنی

قدرتی وسائل سے مقامی کمیونٹی کو بھی فائدہ ہونا چاہیے، پوپ

7 ستمبر 2024

پوپ فرانسس نے زور دیا ہے کہ قدرتی وسائل سے ترقی پذیر ممالک کی ’پوری برادری‘ کو فائدہ پہنچنا چاہیے، جہاں سے انہیں نکالا جا رہا ہے، نہ کہ صرف بین الاقوامی کارپوریشنوں کو۔

https://p.dw.com/p/4kOBP
پوپ فرانسس جکارتہ میں
تصویر: Tatan Syuflana/AP Photo/picture alliance

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا، 87 سالہ پوپ فرانسس ان دنوں جنوب مشرقی ایشیا اور 'اوشنیا‘ کے دورے پر ہیں۔ پوپ نے آج ہفتہ سات ستمبر کو پاپوا نیو گِنی میں دارالحکومت پورٹ مورسبی میں مقامی حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور سفارت کاروں سے ملاقات کی۔

پوپ فرانسس کا انڈونیشیا میں مذہبی انتہاپسندی کے خلاف انتباہ

انڈونیشیا: پوپ اور مسجد استقلال کے بڑے امام کی امن کی اپیل

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی وسائل کو نکالنے اور ان کے قابل استعمال بنانے میں بین الاقوامی کارپوریشنوں کو شامل کرنا 'ضروری‘ ہے، تاہم، ''یہ اسی وقت درست ہے جب آمدنی کی تقسیم اور کارکنوں کو ملازمت دیتے وقت مقامی لوگوں کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے تاکہ ان کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔‘‘

پاپوا نیو گنی میں سونے، تانبے اور قدرتی گیس سمیت دیگر معدنیات اور وسائل کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ اس کے باوجود تقریباﹰ ایک کروڑ آبادی کی اکثریت خط غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے۔ بحر الکاہل کے اس ملک میں خاص طور پر چینی اور آسٹریلوی کمپنیاں اس میں بہت فعال ہیں۔

پوپ فرانسس انڈونیشیا جکارتہ
پوپ نے اپنے دورے کا آغاز انڈونیشیا سے کیا تھا۔تصویر: Indonesia Papal Visit Committee

بحر الکاہل کی ریاست

روم سے تقریباﹰ 15 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع پاپوا نیو گنی پوپ فرانسس کے اب تک کے طویل ترین بیرون ملک دورے کا دوسرا پڑاؤ ہے۔

پاپوا نیو گِنی کی صرف ایک چوتھائی آبادی کیتھولک ہے۔ اپنے شیڈول کے ایک حصے کے طور پر ، پوپ فرانسس اتوار کو پورٹ مورسبی کے ایک اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک بڑی دعائیہ عبادت کی سربراہی کریں گے۔

پوپ فرانسس جنوب مشرقی ایشیا اور اوشنیا کے چار ممالک کا دورہ کر رہے ہیں جو 12 دنوں پر محیط ہے۔ پاپوا نیو گِنی کے بعد وہ مشرقی تیمور اور سنگاپور جائیں گے۔ پوپ نے اپنے دورے کا آغاز انڈونیشیا سے کیا تھا۔

اسرائیل اور فلسطینی مکالمت کی راہ اختیار کریں، پوپ کا پيغام

ا ب ا/ع ت (ڈی پی اے، اے ایف پی)