1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیٹل کا اعتماد بحال، ہنگیرئن گراں پری میں پول پوزیشن

31 جولائی 2011

فارمولا ون موٹر ریسنگ کی دنیا میں جرمنی کے سباستیان فیٹل کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فیٹل نے ہفتہ کو ہنگیرئن گراں پری کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں سب سے تیز رفتار گاڑی دوڑائی۔

https://p.dw.com/p/126ra
تصویر: dapd

ریڈ بل ٹیم کے اس 24 سالہ ڈرائیور نے 19.815 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کرکے آج کی حتمی ریس کے لیے پول پوزیشن اپنے نام کر لی۔ ان کے قریبی حریف انگلستان کے لیوس ہیملٹن رہے۔ ہیملٹن کی میک لارن ٹیم سے وابستہ جینسن بٹن تیسرے نمبر پر رہے۔ سباستیان فیٹل رواں سال کے دوران گراں پری مقابلوں میں اب تک آٹھ بار پول پوزیشن حاصل کرچکے ہیں۔ وہ اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 23 بار یہ اعزاز جیتنے میں کامیاب رہے ہیں۔

بوداپیسٹ میں کوالیفائنگ راؤنڈ جیتنے کے بعد فیٹل نے کامیابی کا سہرا ساتھیوں کے سر باندھا، جنہوں نے فیٹل کے بقول ساری رات گاڑی کو خوب سے خوب تر کرنے میں کاٹی، ’’ پری کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہمارے حریف ہم سے قدرے تیز رہے تھے تو میرے خیال میں ہم نے ٹھیک کام کیا، جس کے بعد میں آج بہت پرسکون محسوس کر رہا ہوں۔‘‘ فیٹل نے تسلیم کیا کہ ریڈ بل ٹیم کے محنتی لڑکوں ’تکنیکی عملے‘ نے اس کی گاڑی پر بہت محنت کی اور پول پوزیشن کا حصول انہیں شکریہ کہنے کا بہترین انداز ہے۔ فیٹل نے آج کی حتمی ریس جیتنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

Formel 1 Nürburgring 2011 Start Flash-Galerie
جرمنی میں منعقدہ گراں پری ریس کا منظرتصویر: dapd

فیٹل کے قریبی حریف لوئس ہیملٹن، جو 2008ء کی ہنگیرئن گراں پری کے چیمپئن ہیں، بھی کوالیفائنگ راؤنڈ میں اپنی کارکردگی سے بہت زیادہ مایوس نہیں، ’’ دوسرے نمبر پر آنا ہماری اچھی کامیابی ہے، ہم جانتے ہیں کہ ہماری رفتار اچھی تھی۔‘‘ یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو فیٹل کے ملک جرمنی میں گراں پری ریس کے فاتح ہیملٹن ہی رہے تھے۔ فیٹل گزشتہ دو ریسوں میں فتح سے محروم رہے ہیں۔

ہنگیرئن گراں پری کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں فیراری ٹیم کے فیلیپی میسا چوتھے، ان کے ساتھی فرنانڈو الونسو پانچویں، آسٹریلیا کے مارک ویبر چھٹے، جرمنی کے نیکو روزبیرگ ساتھویں، فورس انڈیا کے آدرائن ستیل آٹھویں اور تاریخ ساز جرمن ڈرائیور مشائیل شوماخر نویں نمبر پر رہے۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں