1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیفا ورلڈ کپ: ڈرامائی کھیل کے بعد یوروگوائے سیمی فائنل میں

3 جولائی 2010

جنوبی افریقہ میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں یوروگوائے نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر گھانا کو شکست دے کرانیسویں عالمی کپ سے باہرکردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/O9dk
یورو گوائے کے لوئیس سواریز نے اپنی ڈی کے اندر گھانا کے ایک یقینی گول کو ہاتھ سے روک کر میچ کا پانسہ پلٹ دیاتصویر: AP

کھیل کے مقررہ وقت پر دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کر رکھا تھا لیکن اضافی وقت کےدوران بھی دونوں ٹیمیں کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں، جس کے نتیجے میں پنالٹی شوٹ آوٹ پرمیچ کا فیصلہ کیا گیا۔

یوں تو میچ کے دوران کئی سنسنی خیز لمحات آئے لیکن اضافی وقت کے آخری لمحات یعنی 120 ویں منٹ میں یورو گوائے کے سٹرائیکر لوئیس سواریز نے اپنی ڈی کے اندر گھانا کے ایک یقینی گول کو ہاتھ سے روک کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ بعد ازاں انہیں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہرکر دیا گیا اور گھانا کو پنالٹی سٹروک بھی دیا گیا۔ گھانا فٹ بال کے ورلڈ کپ میں تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ کربھی دور ہو گیا کیونکہ گھانا کے سٹرائیکر گیان نے یہ قیمتی موقع ضائع کر دیا، جس کے نتیجے میں میچ کے فیصلے کے لئے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا مرحلہ شروع ہوا۔ اس میں گھانا دو کے مقابلے میں چارپنالٹی ککس سے ہار گیا۔

Flash-Galerie Fußball WM 2010 Südafrika Viertelfinale Uruguay vs Ghana
گھانا کےکھلاڑی گیان آخری لمحات میں پنالٹی کک ضائع کرتے ہوئےتصویر: AP

اس میچ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ فاؤل کھیلنے والے کھلاڑی سواریز، جنہوں نے آخری لمحات میں اپنی ڈی کے اندر ہاتھ سے فٹ بال روک کر کھیل کا رخ بدل دیا، اپنے فاؤل کے نتیجے میں یوروگوائے کے ’ہیرو‘ بن گئے ہیں۔

اس طرح افریقی ٹیم گھانا کا پہلی مرتبہ عالمی کپ کا سیمی فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور ہوا توجنوبی امریکی ملک یوروگوائے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوا۔ اگر گھانا یہ میچ جیت جاتا تو پہلی مرتبہ کوئی افریقی ٹیم، عالمی کپ مقابلوں کے سیمی فائنل میں جانے کا اعزاز حاصل کرتی۔

اس میچ میں گھانا کے کھلاڑی Sulley Muntari نے ہاف ٹائم کے آخری لمحات میں تیس میٹر دور سے ایک عمدہ کک لگا کر اپنی ٹیم کو برتری دلوائی جبکہ دوسرے ہاف کے دوران یوروگوائے کے کھلاڑی ڈیاگو فورلان نے 55 ویں منٹ میں یہ برتری ختم کر دی۔

NO FLASH Fußball WM 2010 Viertelfinale Ghana Uruguay
پنالٹی شوٹ آؤٹ پر گھانا شکست کا شکار ہواتصویر: AP

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں یوروگوائے کے گول کیپر Fernando Muslera نے دو گول روکے اور اپنی ٹیم کو آگے لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید