1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: فرانس اور پرتگال ورلڈ کپ کے ليے کواليفائی کر گئے

عاصم سليم20 نومبر 2013

فرانس اور پرتگال نے آئندہ برس کھيلے جانے والے ورلڈ کپ کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔ اسی دوران آئندہ عالمی کپ جيتنے کے ليے ’فيورٹ‘ قرار دی جانے والی ٹيموں ميں سے ايک، جرمنی نے ايک دوستانہ ميچ ميں انگلينڈ کو شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/1AL6q
تصویر: Getty Images

گزشتہ ہفتے يوکرائن کے دارالحکومت کيف ميں کھيلے جانے والے ورلڈ کپ کواليفائنگ کے پلے آف مقابلوں کے پہلے ليگ ميں دو کے مقابلے ميں صفر سے ہارنے کے بعد فرانسيسی ٹيم کے آئندہ برس برازيل جانے کے امکانات کافی کم تھے۔ تاہم منگل کی شب اپنی ميزبانی ميں کھيلے جانے والے پلے آف مقابلوں کی دوسری ليگ ميں ايک سنسنی خير مقابلے کے بعد فرانس نے يوکرائن کو تين کے مقابلے ميں صفر سے شکست دے دی۔ يوں فرانس مجموعی طور پر تين کے مقابلے ميں دو گول کے ساتھ ورلڈ کپ کے ليے کواليفائی کر گيا۔

منگل کی شب کھيلا جانے والا ايک اور اہم ميچ پرتگال اور سويڈن کے مابين ہوا، جسے ہزارہا شائقين عالمی فٹ بال کے دو شاندار کھلاڑيوں کے مابين مقابلہ قرار دے رہے تھے۔ اور ان کا اندازہ غلط نہ تھا۔ اس ميچ پر سويڈن کے ذلاٹان ابراہيم ووچ اور پرتگال کے کرسٹيانو رونالڈو چھائے رہے۔ ميچ ميں کل پانچ گول اسکور کيے گئے، جن ميں سے ابراہيم ووچ نے دو اور رونالڈو نے تين اسکور کيے۔ رونالڈو کی ہيٹ ٹرک کی مدد سے اس ميچ کا نتيجہ تين۔دو سے پرتگال کے حق ميں رہا۔ دونوں ٹيموں کے مابين پہلے ليگ کا مقابلہ بھی پرتگال نے ايک۔صفر سے جيتا تھا۔ يوں چار۔دو کے مجموعی اسکور کے ساتھ پرتگال اگلے سال ہونے والے ورلڈ کپ کے ليے کواليفائی کر گيا۔

میچ کا واحد گول جرمنی کے کپتان پیر میرٹے زاکیر نے کیا
میچ کا واحد گول جرمنی کے کپتان پیر میرٹے زاکیر نے کیاتصویر: Reuters

گزشتہ شب کھيلے گئے ورلڈ کپ کواليفائنگ کے پلے آف مقابلوں ميں کروشيا اور يونان نے بھی اس ٹورنامنٹ کے ليے کواليفائی کر ليا۔ ان دونوں ٹیموں نے بالترتیب آئس لینڈ اور رومانیہ کا سامنا کیا تھا۔

دوستانہ ميچ ميں انگلينڈ کو جرمنی کے ہاتھوں شکست

گزشتہ روز انگلينڈ ميں ويمبلی پر کھيلے گئے ايک ميچ ميں جرمنی نے ایک دوستانہ فٹ بال میچ میں ميزبان ملک کی ٹيم کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ اس میچ کا واحد گول کپتان پیر میرٹے زاکیر نے کیا۔ انگلینڈ کو چھتيس برس میں پہلی مرتبہ یکے بعد دیگرے ہوم گراؤنڈ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ابھی جمعے کو چلی نے انگلینڈ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے مات دی تھی۔ بعدازاں جرمن کوچ یوآخم لو نے کہا کہ ویمبلی کے اس تاریخ مقام پر جیت پر وہ بے حد خوش ہیں۔