1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال: بارسلونا ہسپانوی کپ کی فاتح

26 مئی 2012

جمعے کی شب میڈرڈ میں کھیلے گئے ’کوپا ڈیل رے‘ یا کنگز کپ کے فائنل میں ایف سی بارسلونا نے ایتھلیٹک بلباؤ کو تین صفر سے شکست دے کر سیزن کا آخری اہم ٹورنامنٹ جیت لیا۔

https://p.dw.com/p/152kO
تصویر: picture-alliance/dpa

'کوپا ڈیل رے‘ ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کے کوچ پیپ گارڈیولا کا ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے آخری میچ بھی تھا۔ میچ سے قبل بارسلونا کے کھلاڑیوں نے کہا تھا کہ وہ فائنل جیت کر گارڈیولا کو آخری تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ 

بارسلونا کی جانب سے تینوں گول میچ کے پہلے حصے میں کیے گئے۔ پہلا گول پیڈرو نے میچ کے ابتدائی چند منٹوں میں ایک کارنر پر کیا۔ میچ کا دوسرا گول آندرے انی ایسٹا کے پاس پر ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی لیونیل میسی نے کیا۔ یہ اس سیزن میں میسی کا 73 واں ریکارڈ گول تھا۔ میسی نے لا لیگا میں پچاس گول کر کے بھی ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ چیمپئنز لیگ میں بھی انہوں نے ریکارڈ 14 گول کیے۔ میچ کا تیسرا گول بھی پیڈرو نے کیا۔ میچ کے پہلے ہاف میں ہی بارسلونا کی جیت تقریباً یقینی ہو گئی تھی۔

FC Barcelona Messi und Guardiola
یہ بارسلونا کے لیے گارڈیولا کا آخری میچ تھاتصویر: picture-alliance/dpa

بلباؤ نے میچ کے دوسرے حصے کا آغاز عمدہ اور جارحانہ طریقے سے کیا اور بارسلونا کے گول پر کئی حملے کیے، تاہم بلباؤ ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔ مجموعی طور پر دوسرے ہاف میں بلباؤ کی کارکردگی بہتر تھی۔ بارسلونا نے بھی دوسرے حصے میں گول کرنے کی کئی کوششیں کیں لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکیں۔

بارسلونا لا لیگا میں دوسرے نمبر پر رہی اور اپنے گزشتہ برس کے اعزاز کا دفاع نہ کر سکی۔ اس برس لا لیگا یا ہسپانوی قومی لیگ ریئل میڈرڈ کے نام رہی۔ چیمپئنز لیگ میں بارسلونا برطانوی کلب چیلسی سے سیمی فائنل میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہار گئی تھی۔ وہ گزشتہ برس چیمپئنز لیگ کی بھی فاتح تھی۔ ’کوپا ڈیل رے‘ واحد مؤقر ٹورنامنٹ رہ گیا تھا جو بارسلونا سیزن کے اختتام سے پہلے جیت سکتی تھی۔

کنگز کپ کے سیمی فائنل میں بارسلونا نے ریئل میڈرڈ کو شکست دی تھی۔

یہ فائنل پیپ گارڈیولا کے لیے اہمیت کا حامل تھا۔ یہ بارسلونا کے لیے گارڈیولا کا آخری میچ تھا۔ بارسلونا کے کوچ کی حیثیت سے گارڈیولا نے 14 ٹرافیاں جیتی ہیں، جن میں دو چیمپئنز لیگ، تین لگاتار لا لیگا، دو کوپا ڈیل رے اور دو کلب فٹ بال ورلڈ کپ شامل ہیں۔

(shs/at (AP, AFP

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں