1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوکو شیما کا کُولنگ سسٹم بحال

5 اپریل 2013

جاپان میں فوکوشیما نیوکلیئر پلانٹ میں استعمال شدہ جوہری ایندھن کو ٹھنڈا کرنے والے نظام کا ایک حصہ جمعے کو عارضی طور پر ناکام ہو گیا۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

https://p.dw.com/p/18AXH
تصویر: Itsuo Inouye/AFP/Getty Images

ٹوکیو پاور پلانٹ (ٹیپکو) کا کہنا ہے کہ جمعے کو عالمی وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجےکے قریب (مقامی وقت کے مطابق تقریباﹰ ڈھائی بجے سہ پہر) پلانٹ پر ایک الارم بج اٹھا۔ اس کے بعد تکنیکی ماہرین نے جلد ہی اس بات کی تصدیق کر دی کہ ری ایکٹر نمبر تین سے جڑا استعمال شدہ جوہری ایندھن کو ٹھنڈا کرنے والا نظام کام نہیں کر رہا تھا۔

ٹیپکو کے ایک ترجمان نے ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ یہ مسئلہ تین گھنٹوں میں حل کر لیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ مسئلہ اس وقت سامنے آیا جب فوکوشیما کا عملہ ایک سوئچ بورڈ کے گرد ایک حفاظتی جالی لگا رہے تھا، جس کا مقصد چوہوں کو اس سے دُور رکھنا تھا۔

گزشتہ ماہ ایک چوہا سوئچ بورڈ میں پھنس گیا تھا جس کی وجہ سے پیدا ہونے والے شارٹ سرکٹ کے باعث پلانٹ کے بعض حصوں کی بجلی بند ہو گئی تھی جبکہ چار مقامات پر کُولنگ سسٹمز نے کام کرنا بند کر دیا تھا۔ اس وقت ٹیپکو کو مسئلے کے حل میں تقریباﹰ 30 گھنٹے لگ گئے تھے۔

Japan Ratte in Atomkraftwerk Fukushima Daiichi
گزشتہ دِنوں فوکوشیما پاور پلانٹ کے ایک سوئچ بورڈ میں ایک چوہا پھنس گیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

فوکو شیما کے منتظم اس ادارے کے ترجمان نے تازہ واقعے کے بارے میں خیال ظاہر کیا ہے کہ جس وقت عملہ باڑ لگا رہا تھا اس وقت باڑ یا کوئی تار زمین پر لگ گئی ہو گئی، جس کی وجہ سے یہ سسٹم غیر ارادی طور پر بند ہو گیا۔

ٹیپکو نے اس واقعے پر معذرت طلب کی ہے، تاہم یہ بھی کہا ہے کہ اس کی وجہ سے کوئی فوری خطرہ لاحق نہیں ہوا۔ دوسری جانب گرین پیس انٹرنیشنل کی توانائی کے حوالے سے مہم کے رہنما جین بیرینیک کا کہنا ہے: ’’بجائے اس کے کہ ٹیپکو ہمیں خطرہ لاحق نہ ہونے کی یقین دہانی کروائے، اس کمپنی اور حکومتی اہلکاروں، دونوں کو ہی مؤثر کارروائی کرنی چاہیے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا: ’’جاپان کو چاہیے کہ خطرناک خیال کیے جانے والے دیگر نیوکلیئر پلانٹس کو بحال کرنے میں جلد بازی کے بجائے بحران زدہ ان ری ایکٹرز کو برقرار رکھنے پر توجہ دے۔‘‘

واضح رہے کہ استعمال شدہ جوہری ایندھن بھی حد سے زیادہ گرم ہو کر ری ایکٹر کو پگھلانے کا باعث بن سکتا ہے جس کی وجہ سے اسے ٹھنڈا رکھنا پڑتا ہے۔

ng/ai (AP)