فورس انڈیا ٹیم کی نظریں اب مونزا پر
1 ستمبر 2009بیلجیئم میں شپا کے مقام پر منعقدہ گراں پری ریس میں اٹلی کے چھتیس سالہ جان کارلو فزی کیلا کی غیر متوقع دوسری پوزیشن اُن کی فورس انڈیا ٹیم کے لئے اُمید کی ایک نئی علامت تھی۔ اِس ریس میں فِن لینڈ کے کمی رائی کونن پہلے نمبر پر رہے تھے جبکہ فزی کیلا نے حتمی کوالیفائنگ راؤنڈ میں پول پوزیشن حاصل کی تھی اور پہلے نمبر سے اپنی ریس شروع کی تھی۔
فزی کیلا کی اِس کامیابی کے بعد سے ہی یہ قیاس آرائیاں ہونے لگی تھیں کہ وہ اپنے وطن میں منعقدہ گراں پری مقابلے میں فورس انڈیا کی بجائے اطالوی فیراری ٹیم کی طرف سے شرکت کریں گے۔ تاہم پیر کو چنائے میں فورس انڈیا ٹیم کے سربراہ وِجے ملیا نے زور دے کر کہا کہ اِس ریس میں بھی اطالوی ڈرائیور جان کارلو فزی کیلا فورس انڈیا ٹیم ہی کی طرف سے شریک ہوں گے۔
فورس انڈیا ٹیم اب تک تیس مقابلوں میں شرکت کر چکی ہے لیکن بیلجیئن گراں پری میں اُسے پہلی مرتبہ کوئی پوائنٹس ملے۔ وِجے ملیا کے مطابق فزی کیلا نے خود یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ فورس انڈیا ٹیم نہیں چھوڑ رہے۔
فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کے اب تک بارہ گراں پری مقابلے منعقد ہو چکے ہیں، جن میں مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے برطانیہ کے جینسن بٹن پہلے نمبر پر جا رہے ہیں۔ شپا کے مقام پر منعقدہ گراں پری ریس میں البتہ جینسن بٹن شروع میں ہی مقابلے سے خارج ہو گئے تھے۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: افسر اعوان