1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فوجی انخلاء کا پروگرام تبديل نہيں ہو گا: نيٹو

17 اپریل 2012

نيٹو کے حکام کابل پر طالبان کے شديد حملوں کی اہميت گھٹاتے ہوئے افغان سکيورٹی فورسز کی جوابی کارروائی اور پيشہ ورانہ مہارت کی تعريف ميں رطب السان ہيں۔

https://p.dw.com/p/14fIv
کابل پر طالبان کا حملہ
کابل پر طالبان کا حملہتصویر: DW / Hossain Sirat

نيٹو حکام نے ويک اينڈ پر طالبان اور باغيوں کے حملوں کو اپنے سرکاری بيانات ميں بہت جلدی سے غير اہم بنا ديا۔ پريس اطلاعات کے ليے افغانستان ميں آئی سيف کے کمانڈر جنرل جان ايلن کے ان الفاظ کو مرکزی اہميت دی گئی ہے: ’مجھے اس پر بے انتہا فخر ہے کہ افغان سکيورٹی فورسز نے کتنی جلد کابل پر حملوں کے خلاف کارروائی کی۔‘ نيٹو کی ترجمان نے بھی کہا کہ اس ردعمل سے يہ ظاہر ہوتا ہے کہ افغان دستے پيشہ ورانہ مہارت رکھتے ہيں اور بہت سرگرم ہيں۔

افغان سپاہی حملے کی جگہ کے قريب ايک افغان کو روکتے ہوئے
افغان سپاہی حملے کی جگہ کے قريب ايک افغان کو روکتے ہوئےتصویر: DW

اس طرح کابل پر پچھلے 10 برسوں ميں طالبان کے شديد ترين حملوں کو اپنی کاميابی ميں تبديل کر ديا گيا ہے۔ نيٹو کے سفارتکاروں نے اپنے نام ظاہر کيے بغير کہا ہے کہ وہ افغان سکيورٹی فورسز کے بارے ميں ظاہر کردہ اس اميد پسندی ميں شريک نہيں ہيں۔ بالآخر لڑائی صرف امريکی جنگی ہيلی کاپٹروں کی مدد ہی سے ختم ہو سکی ہے۔ تاہم نيٹو کی ترجمان نے برسلز ميں يہ بھی کہا کہ نيٹو کی قيادت ميں تعينات آئی سيف کی فوج کے افغانستان سے انخلاء کا نظام الاوقات تبديل نہيں کيا جائے گا۔ جرمن وزير خارجہ ويسٹر ويلے نے بھی يہی کہا کہ ايک لاکھ 30 ہزار فوجيوں کے انخلاء کا کام منصوبے کے مطابق انجام پائے گا۔

نيٹو افغانستان کے مختلف صویوں ميں سلامتی کی ذمہ دارياں افغان فوجی کمانڈروں کو منتقل کرنے ميں مصروف ہے۔ سن 2013 کے وسط تک يہ کام مکمل ہو جانا چاہيے۔ 2014 کے آخر تک 49 ممالک سے آئے ہوئے فوجيوں ميں سے اکثر کو افغانستان سے نکال لينے کا منصوبہ ہے۔ اس کا فيصلہ نومبر سن 2010 ميں لزبن کی نيٹو سربراہ کانفرنس ہی ميں کر ليا گيا تھا۔ اب يہ جائزہ ليا جائے گا کہ کيا اس نظام الاوقات کی پابندی ممکن ہے۔

انتخابی مہم ميں گھرے امريکی صدر اوباما مئی ميں شکاگو ميں ہونے والی نيٹو کی سربراہ کانفرنس ميں اعلان کريں گے کہ کب کتنے امريکی فوجی گھر واپس آئيں گے۔

نيٹو کے 28 وزرائے خارجہ اور 28 وزرائے دفاع مئی ميں شکاگو کی نيٹو سربراہ کانفرنس کی تياريوں کے ليے برسلز ميں اکٹھے ہوئے ہيں۔

sas,aa,HGD Europa