1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلپائن کا بڑھئی، ساڑھے آٹھ ملین ڈالرز جیت گیا

3 جون 2011

منیلا کا ایک ساٹھ سالہ بڑھئی، جس کے تمام چھ بچے غربت کی وجہ سے اسکول سے نکال دیے گئے تھے، فلپائن کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا لاٹری انعام جیت گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11TFw
تصویر: dpa

یہ بوڑھا بڑھئی ضروریات زندگی پوری کرنے کے لیے منیلا کے ایک مضافاتی گاؤں میں رات کے وقت پہرہ داری بھی کرتا تھا۔ فلپائن کے لاٹری انعام جاری کرنے والے ادارے ’فلپائن چیریٹی سویپ سٹیکس آفس‘ (PCSO) کے مطابق اس بڑھئی نے جمعرات کے روز 356 ملین پیسوز کا کلیم جمعرات کے روز جمع کرایا۔ اس رقم کی مالیت 8.27 ملین امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔

PCSO کے میڈیا افسر جوزف موئیگو کے مطابق اس نئے ارب پتی اور اس کے خاندان نے انعامی رقم ملتے ہی اس انتہائی غریب آبادی کو خیر باد کہہ دیا جہاں وہ سالہا سال سے رہائش پزیر تھے۔ موئیگو کے مطابق: ’’ وہ احتیاطی طور پر اپنے آبائی صوبے میں واپس چلے گئے ہیں، یہ اچھی بات ہے کہ انہوں نے PCSO کے اہلکاروں کی تجویز پر عمل کیا جو کہ انہی کی بہتری کے لیے تھیں۔‘‘

غریب بڑھئی نے لاٹری کا نمبر اپنی شادی کی تاریخ اور اپنے بچوں کی تاریخ پیدائش کے حساب سے چُنا
غریب بڑھئی نے لاٹری کا نمبر اپنی شادی کی تاریخ اور اپنے بچوں کی تاریخ پیدائش کے حساب سے چُناتصویر: AP

جوزف موئیگو کے مطابق جیتنے والے غریب بڑھئی نے لاٹری کا نمبر اپنی شادی کی تاریخ اور اپنے بچوں کی تاریخ پیدائش کے حساب سے چُنا، اس شخص کی خواہش تھی کہ وہ انعامی رقم سے اپنے لیے ایک گھر خریدے اور اپنے خاندان کے لیے کچھ زمین۔

موئیگو کا کہنا تھا کہ یہ بوڑھا شخص اپنے بچوں کو اسکول بھیجنا چاہتا تھا: ’’ اس نے مجھے بتایا کہ چونکہ میں خود تعلیم حاصل نہیں کرسکا لہذا مجھے تو اپنی جیت کی رقم تک کا حساب نہیں آتا۔‘‘

فلپائن میں لاٹری کھیلنا لوگوں میں انتہائی مقبول ہے، جہاں ملک کی کُل 94 ملین کے قریب آبادی کا ایک چوتھائی حصہ روزانہ ایک ڈالر سے کم پر اپنی گزر اوقات کرتا ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: شامل شمس