1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فلسطین: صدر محمود عباس نے انتخابات ملتوی کر دیے

30 اپریل 2021

فلسطینی صدر محمود عباس نے یہ کہتے ہوئے انتخابات ملتوی کر نے کا اعلان کیا ہے کہ یہ بات واضح نہیں کہ اسرائیل یروشلم میں انتخابات کی اجازت دے گا یا نہیں۔

https://p.dw.com/p/3smBR
Westjordanland TV Ansprache  Mahmoud Abbas Verschiebung Wahlen
تصویر: Mohamad Torokman/REUTERS

فلسطینی صدر محمود عباس نے 29 اپریل جمعرات کے روز اعلان کیا کہ انتخابات اسی صورت میں کرائے جا سکتے ہیں جب اسرائیل یروشلم کے اس علاقے میں بھی ووٹنگ کی اجازت دے جسے اس نے اپنے آپ میں ضم کر رکھا ہے۔

فلسطین کی دو حریف سیاسی جماعتوں فتح اور حماس نے 22 مئی کو مقننہ کے انتخابات کرانے اور پھر اس کے بعد 31 جولائی کو صدارتی انتخابات کرانے کے ایک معاہدے پر اتفاق کیا تھا۔  اگر اس معاہدے کے تحت 22 مئی کو عام انتخابات ہوتے تو فلسطین میں گزشتہ پندرہ برسوں میں یہ پہلے انتخابات ہوتے۔

مغربی کنارے کے رملہ میں مختلف فلسطینی گروپوں کے نمائندوں سے ملاقات اور صلاح و مشورے کے بعد محمود عباس نے کہا، ''یروشلم سمیت تمام فلسطینی علاقوں میں انتخابات کا ہونا ضروری ہے۔ یروشلم پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا اور نہ ہی یروشلم میں آباد ہمارے لوگ ووٹ دینے کے اپنے جمہوری حق کو چھوڑ  سکتے ہیں۔''

اسرائیل کا موقف کیا ہے؟

اس سے قبل اسی ہفتے اسرائیل کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ انتخابات، ''فلسطین کا داخلی مسئلہ ہے۔'' اور تیل ابیب کا اسے، ''روکنے یا اس میں کسی طرح کی مداخلت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔''

Westjordanland Protest Palästinenser Verschiebung Wahlen
تصویر: Mohamad Torokman/REUTERS

 محمود عباس نے فلسطینی دھڑوں کو بتایا ہے کہ یروشلم کے سوال پر اسرائیلی حکام اب تک کوئی جواب نہیں دے سکے کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں فی الوقت کوئی حکومت قائم نہیں ہے۔

اسرائیل خود تاریخ کے اپنے بدترین سیاسی بحران سے دو چار ہے جہاں گزشتہ مارچ میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کسی ایک جماعت کو اکثریت نہیں ملی پائی تھی اس لیے ابھی تک حکومت نہیں بن پائی ہے۔

یروشلم میں ووٹ سے متعلق یہ فیصلہ ایک ایسے وقت کیا گیا ہے جب فریقین میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ رمضان کی ابتدا سے ہی اسرائیلی پابندیوں کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران اسرائیلی پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ ایک زمانے سے ہی یہ شہر اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جھگڑے کی اہم وجہ بھی رہا ہے۔

الیکشن موخر کرنے پر ردعمل

غزہ کے علاقے پر بر سر اقتدار اسلام پسند تحریک حماس نے یہ کہتے ہوئے محمود عباس کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا ہے کہ یہ ایک طرح کی بغاوت ہے جسے عوام کی حمایت حاصل نہیں ہے۔

بدھ کے روز حماس نے کہا تھا کہ وہ، ''انتخابات موخر کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتی ہے۔'' تاہم اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ مشرقی یروشلم میں انتخابات کے بغیر وہ کسی بھی ووٹ کو تسلیم بھی نہیں کرے گی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق محمود عباس کے اعلان سے قبل ہی رملہ میں مظاہرین اس مطالبے کے ساتھ جمع ہونے شروع ہوگئے تھے کہ انتخابات کسی بھی حال میں ملتوی نہ کیے جائیں اور مقررہ وقت پر ہی کرائے جائیں۔

غالب امکان اس بات کا ہے کہ مقامی سطح پر اس فیصلے کی سخت نکتہ چینی ہو گی۔ مبصرین کے مطابق محمود عباس کی طویل المعیاد حکومت سے لوگ کافی نالاں ہیں اور انتخابات ملتوی کرنے سے فی الوقت ان کی جماعت ایک شرمناک شکست سے بچ سکتی ہے۔ 

بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ جہاں تک یروشلم کا سوال ہے تو وہاں ووٹنگ کے لیے اسکولوں اور مذہبی مقامات کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ انتخابات دو حریف جماعتوں فتح اور حماس میں مصالحت کے لیے بھی ایک بڑا قدم تھا تاہم محمود عباس کے فیصلے سے اسے بھی دھچکا لگنے کا خدشہ ہے۔

ص ز/ ج ا   (اے ایف پی، اے پی، ڈی پی اے، روئٹرز)  

مزيد فلسطينی علاقہ ضم کرنے کے اسرائيلی منصوبے پر احتجاج

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں