1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرینکفرٹ ہوائی اڈے کے رن وے پر دو جہاز ٹکرا گئے

17 نومبر 2019

جرمنی میں فضائی حادثات کی تفتیش کرنے والے وفاقی ادارے (بی ایف یو) نے فرینکفرٹ ہوائی اڈے پر ایئر نمیبیا اور کوریئن ایئر کے ہوائی جہازوں کے آپس میں ٹکرانے کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3TBm9
Deutschland Frankfurt am Main Flughafen | Flugzeug der Lufthansa
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Probst

جرمنی کے فرینکفرٹ ہوائی اڈے پر ایئر نمیبیا اور کوریئن ایئر کے ہوائی جہازوں کو آپس میں معمولی سی ٹکر کے بعد ہلکا سا نقصان پہنچا ہے۔ فضائی حادثات کی تفتیش کے وفاقی ادارے (بی ایف یو) نے اس حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس ادارے کے مطابق تمام تر تفصیلات اکھٹی کی جا رہی ہیں اور جمع ہونے والے ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ مرتب کی جائے گی۔

فرینکفرٹ ہوائی اڈے کی انتظامیہ نے آج اتوار کو دو مسافر طیاروں کے ٹکرانے کی تصدیق کی ہے۔ اس بیان میں بتایا گیا کہ کوریئن ایئر کا بوئنگ 777  ایئر نمیبیا کے ایئر بس طیارے سے ٹکرا گیا تاہم یہ ٹکر بہت زور دار نہیں تھی اور طیاروں کو معمولی سا ہی نقصان ہوا۔ یہ واقعہ ہفتے کو مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً ساڑھے چھ بجے پیش آیا۔

Symbolbild | Fluglotse
تصویر: picture-alliance/dpa/F. May

حکام نے بتایا کہ کوریئن ایئر کا طیارہ ہوائی اڈے کے جنوبی رن وے پر اتر کر ٹرمینل کی جانب آ رہا تھا۔ تھوڑی دیر بعد ہی ایئر نمیبیا کا طیارہ بھی لینڈ کر گیا اور اس کا پائلٹ کوریئن جہاز کے سامنے سے گزرنا چاہتا تھا اور اس دوران دونوں جہازوں کے پر ٹکرا گئے۔ کوریائی نیوز ایجنسی ینہوپ کے مطابق کوریئن جہاز کے 'ہوریزونٹل اسٹیبلائزر‘ جبکہ نمیبیئن طیارے کے'ونگ ٹرپ‘ کو نقصان پہنچا۔

بعد ازاں ان دونوں طیاروں کو کھینچ کر ٹرمینل تک لانا پڑا۔ اس واقعے میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔ حکام کے بقول ان دونوں طیاروں کی رفتار بہت ہی کم ہونے کی وجہ سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔

بتایا گیا ہے کہ کوریائی طیارے کو سیئول واپس جانا تھا تاہم اس حادثے کے بعد مسافروں کو فرینکفرٹ کے مختلف ہوٹلوں میں قیام کرنا پڑا۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ کوریئن ایئر کی یہ فلائٹ اکیس گھنٹوں کی تاخیر کے بعد اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئی۔

ع ا / ع آ