1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’غیر قانونی چندہ‘، سابق صدر سارکوزی شامل تفتیش

Atif Baloch22 مارچ 2013

2007ء میں اپنی صدارتی مہم کے دروان امیر ترین فرانسیسی خاتون سے غیر قانونی طور پر چندہ وصول کرنے پر سابق صدر نکولا ساکوزی کے خلاف باقاعدہ طور پر انکوائری شروع کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/182NA
تصویر: ap

جمعرات کے دن فرانس کی ایک عدالت نے سابق صدر نکولا سارکوزی پر ابتدائی طور پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے، انہیں تفتیش کا حصہ بنا لیا ہے۔ استغاثہ نے بتایا ہے کہ بَردو کی ایک عدالت میں سابق صدر سے طویل پوچھ گچھ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

اٹھاون سالہ سابق صدر سارکوزی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے 2007ء میں اپنی کامیاب صدارتی انتخابی مہم کے لیے فرانس کی امیر ترین خاتون لیلیان بیتان کور سے غیر قانونی طور پر ہزاروں یورو کا چندہ لیا تھا۔ اِس وقت بیتان کور کی عمر نوے برس ہے۔

فرانسیسی قوانین کے مطابق ابتدائی طور پر فرد جرم عائد کرنے کا مطلب ہے کہ مجسٹریٹ کے پاس ایسے دلائل ہیں کہ کوئی غیر قانونی کام کیا گیا ہے تاہم ان دلائل کی مزید جانچ کے لیے تحقیق کاروں کو مزید وقت دیا جاتا ہے تاکہ وہ مزید ثبوت اکٹھے کر سکیں۔ بعد ازاں ایسے الزامات واپس لیے جا سکتے ہیں یا پھر ان کی بنیاد پر مقدمے کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔

Liliane Bettencourt
اِس وقت بیتان کور کی عمر نوے برس ہےتصویر: picture-alliance/dpa

’الزامات بے بنیاد ہیں‘

نکولا سارکوزی نے کہا ہے کہ وہ بے قصور ہیں اور انہوں نے بیتان کور سے کوئی مالی مراعات حاصل نہیں کی ہیں۔ سارکوزی کے وکیل نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ وہ اس کیس کے حوالے سے اپیل دائر کریں گے۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی نے بَردو عدالتی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کے دن جج ژان میشل یانتیل نے سارکوزی سے تفتیش کرتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کی کہ وہ 2007ء میں بیتان کور سے کتنی مرتبہ ملے تھے۔

ساکوزی کا کہنا ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران بیتان کور سے صرف ایک مرتبہ ملے تھے تاہم فرانس کی امیر ترین خاتون کے اسٹاف نے عدالت کو کچھ اور بتایا ہے۔ اگر سارکوزی کو سزا ہوتی ہے تو وہ دوسرے فرانسیسی صدر بن جائیں گے، جن کو ان کے دور اقتدار کے بعد سزائی ہوئی ہو گی۔ اس سے قبل سابق صدر ژاک شیراک کو بھی سزا سنائی جا چکی ہے۔

سابق صدر سارکوزی 2017ء کے صدارتی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ گزشتہ انتخابات میں انہیں صدر فرانسوا اولانڈ سے شکست کھانا پڑی تھی۔

کئی عوامی جائزوں کے مطابق اس وقت بھی قدامت پسند ووٹروں میں سارکوزی انتہائی مقبول ہیں۔ سارکوزی کی قدامت پسند سیاسی پارٹی نے کہا ہے کہ یہ نئے الزامات سیاسی نوعیت کے ہیں اور ان کا مقصد سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔

(ab/at(dpa, AP, Reuters