1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غار میں پھنسے نوجوانوں میں سے چار کو نکال لیا گیا

8 جولائی 2018

تھائی لینڈ کی ایک غار میں پھنسے ایک فٹبال ٹیم کے نو عمر ارکان میں سے چار کو آج اتوار کے روز کامیابی سے نکال لیا گیا ہے۔ مزید افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/312ms
Thailand Höhle | Rettungsaktion Jugendliche
تصویر: Getty Images/L. DeCicca

تھائی لینڈ کے شمالی حصے میں سیلاب سے متاثرہ ایک غار میں سے چار نو عمر کھلاڑیوں کو آج اتوار آٹھ جولائی کو نکال لیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ بات ریسکیو آپریشن میں مصروف میڈیکل ٹیم کے ایک سینیئر رُکن نے بتائی ہے۔ یہ افراد دو ہفتوں سے زائد وقت سے اس غار میں پھنسے ہوئے تھے۔

’’وائلڈ بورز‘‘ نامی فٹبال ٹیم کے 11 سے 16 برس کی عمر کے 12 لڑکے اور ان کا فٹبال کوچ ہفتہ 23 جون کو لاپتہ ہو گئے تھے۔ کوچ کی عمر 25 برس ہے۔ یہ افراد ایک غار میں اُس وقت پھنس کر رہ گئے تھے جب سیلاب کے سبب داخلی راستہ بند  ہو گیا۔ لاپتہ ہونے کے بعد نو دنوں تک ان تمام لوگوں سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا تھا۔

ان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں شروع کی گئیں جبکہ شدید بارشوں اور سیلاب کے سبب امدادی کاموں کی راہ میں رکاوٹیں بھی پیدا ہوئیں۔ تھائی لینڈ کے شمالی حصے میں واقع لوانگ نامی غار کے ان حصوں تک پہنچنے والے راستے بھی بند ہو گئے تھے جن کے بارے میں خیال تھا کہ یہ لاپتہ افراد وہاں موجود ہو سکتے ہیں۔

Thailand Höhle | Rettungsaktion Jugendliche
غار میں پھنسے مزید افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن کچھ وقت کے بعد دوبارہ شروع کیا جائے گا۔تصویر: Getty Images/L. Pham

تاہم پیر دو جولائی کو صوبہ چیانگ رائے کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ ان 13 افراد کو تلاش کر لیا گیا تھا۔ تاہم سیلابی پانی کے سبب راستے کی بندش اور غار میں پھنسے ان افراد کی طبی حالت کے پیش نظر ان کو وہاں سے نکالنے کے آپریشن کے لیے مناسب وقت کا انتظار کیا جا رہا تھا۔

Thailand Höhle | Rettungsaktion Jugendliche
’’وائلڈ بورز‘‘ نامی فٹبال ٹیم کے 11 سے 16 برس کی عمر کے 12 لڑکے اور ان کا فٹبال کوچ ہفتہ 23 جون کو لاپتہ ہو گئے تھے۔ تصویر: Reuters/S. Z. Tun

آج اتوار آٹھ جولائی کو امدادی کارروائی کے نگران نارونگ سک اوسوتاناکورن نے صحافیوں کو بتایا کہ غار میں پھنسے نوجوان اب اس آپریشن کے لیے تیار ہیں۔ ان کے بقول مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی وجہ سے امدادی ٹیم کے پاس محدود وقت ہے۔ اس موقع پر غار کے پاس ذرائع ابلاغ کے تمام کیمپوں کو ہٹا دیا گیا تھا۔

ا ب ا / ع ح (روئٹرز، ڈی پی اے)