1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عید الفطر پرتشدد کارروائیوں کے سائے میں

ندیم گِل9 اگست 2013

مسلمانوں نے متعدد ملکوں میں جمعرات کو عید الفطر منائی۔ پاکستان اور بھارت سمیت بعض ملکوں میں یہ تہوار آج منایا جا رہا ہے۔ تاہم پاکستان میں عید سے ایک روز قبل ایک بدترین حملے کی وجہ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

https://p.dw.com/p/19MiU
تصویر: DW

مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور براعظم امریکا کے متعدد ملکوں میں مسلمانوں نے جمعرات کو عید الفطر کا تہوار جوش و جذبے اور دعاؤں کے ساتھ منایا۔ تاہم خوشیوں سے عبارت اس تہوار کے موقع پر مختلف ملکوں سے پرتشدد کارروائیوں کے نیتجے میں درجنوں افراد کی ہلاکت کی خبریں موصول ہوئیں۔

پاکستان جہاں عید الفطر آج جمعے کو منائی جا رہی ہے، وہاں جمعرات کو ایک خود کش بم حملے کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکا کوئٹہ میں ایک پولیس اہلکار کی نمازِ جنازہ کے موقع پر ہوا اور ہلاک ہونے والوں میں سے بیشتر پولیس اہلکار تھے۔

پاکستان میں جمعرات روزوں کے ایام کا آخری دِن تھا جو تشدد کی اس کارروائی پر اختتام کو پہنچا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رمضان کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 11 حملے ہوئے جن میں 120سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

Pakistan Selbstmordattentat
کوئٹہ میں جمعرات کو ایک خود کش بم حملے کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئےتصویر: Banaras Khan/AFP/Getty Images

پاکستان کے ہمسایہ ملک افغانستان میں عید الفطر جمعرات کو منائی گئی۔ اس کے ایک مشرقی علاقے میں اسی روز ایک دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوئے۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں معزول صدر محمد مُرسی کے ہزاروں حامیوں نے احتجاجی کیمپوں میں عید منائی۔ وہاں جمعرات کو میلے کا سا سماں رہا اور نئے کپڑوں میں ملبوس بچوں نے ہلچل مچائے رکھی۔

شام میں عید کے روز حکومت اور اپوزیشن صدر بشار الاسد کے کارواں پر راکٹ حملے کے حوالے سے اپنا اپنا مؤقف دہراتی رہی۔ اپوزیشن فورسز کا کہنا تھا کہ دمشق میں عید کی نماز کے لیے جاتے ہوئے اسد کے کارواں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حکومت نے ان خبروں کی تردید کی۔

شام کے وزیر اطلاعات  عمران الزعبی کا کہنا تھا کہ ایسی خبروں کے ذریعے باغی شام کے عوام کا جشن (عید کا) خراب کرنا چاہتے ہیں۔

اسلامی دنیا میں جمعرات کو عید کی تقریبات کا آغاز انڈونیشیا سے ہوا۔ تاہم وہاں بھی بدھوں کے مقدس مقامات پر تازہ حملوں کا خدشہ رہا جس کی وجہ سے سکیورٹی سخت رہی۔

مسیحی اکثریتی ملک فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں مسلمانوں نے روایت کے مطابق دوست احباب کو اپنے گھروں پر مدعو کیا۔ وہاں مقامی مساجد کو خصوصی طور پر سجایا گیا تھا۔

پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اور بعض دیگر ملکوں میں عید آج جمعے کو منائی جا رہی ہے۔