1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'عوامیت پسندوں' اور'نظریاتی فتنوں' سے ہوشیار رہیں،پوپ فرانسس

8 جولائی 2024

کیتھولک مسیحیوں کے رہنما نے دنیا بھر میں جمہوریت کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فرانس، نیدرلینڈز وغیرہ میں انتہائی دائیں بازو کی کامیابیوں کے مدنظر پوپ نے"نظریاتی فتنوں اور عوامیت پسندوں" سے ہوشیار رہنے پر زور دیا۔

https://p.dw.com/p/4hzlY
پوپ فرانسس
پوپ فرانسس نے سماجی مسائل پر غور و خوض کے لیے ٹریسٹے میں منعقد ایک کیتھولک تقریب سے خطاب کیاتصویر: Vatican Media/Independent Photo Agency Int./IMAGO

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی رہنما پوپ فرانسس نے اتوار کے روز شمال مشرقی اطالوی شہر ٹریسٹے کے دورے کے دوران دنیا بھر میں جمہوریت کی صورت حال پر افسوس کا اظہار کیا۔

عالمی جمہوریت کی 'صحت ٹھیک نہیں' ہے

پوپ فرانسس نے سماجی مسائل پر غور و خوض کے لیے منعقد ایک کیتھولک تقریب کے دوران کہا،"آج دنیا میں جمہوریت کی صحت اچھی نہیں ہے۔"

تقریباً بارہ سو افراد کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ووٹنگ اور جمہوریت کی دیگر شکلوں میں حصہ لیں۔

ہم جنس نوبیاہتا جوڑے ’خیروبرکت‘ کی دعا لے سکتے ہیں، ویٹی کن

سیکس ایک ’خوبصورت شے‘ ہے، پوپ فرانسس

 پوپ فرانسس کا کہنا تھا،"جمہوریت کا تقاضہ ہے کہ ایسے حالات پیدا کیے جائیں کہ ہر کوئی اپنی رائے ظاہر کرسکے۔"

ستاسی سالہ مسیحی رہنما کے مطابق"ہم نجی عقیدے سے مطمئن نہیں ہو سکتے۔ اس کا مطلب ہے کہ عوامی مباحثوں میں امن اور انصاف کے لیے تجاویز پیش کرنے کی ہمت ہونی چاہئے۔"

ٹریسٹے کے اپنے دورے کے دوران پوپ فرانسس نے تارکین وطن اور معذور افراد سے بھی ملاقات کی
ٹریسٹے کے اپنے دورے کے دوران پوپ فرانسس نے تارکین وطن اور معذور افراد سے بھی ملاقات کیتصویر: Vatican Media/Independent Photo Agency Int./IMAGO

'نظریاتی فتنوں اور عوامیت پسندوں' سے ہوشیار رہیں

پوپ نے کسی خاص ملک کا ذکر کیے بغیر "نظریاتی فتنوں اور عوامیت پسندوں" کے خلاف خبر دار کیا۔

پوپ فرانسس نے جرمن بچوں کی کہانیوں کے ایک معروف کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا،"نظریات پرکشش ہوتے ہیں۔ کچھ لوگ ان کا موازنہ ہیملن کے پائیڈ پائپر سے کرتے ہیں، وہ آپ کو بھٹکا کر گمراہی کے راستے کی طرف لے جاتے ہیں۔" پائیڈ پائپر کا فقرہ عام طورپر کسی ایسے شخص کے لیے استعمال ہوتا ہے جو جھوٹے وعدوں کے ذریعہ مقبولیت حاصل کرتا ہے۔

’ہم جنس پرست ہونا کوئی جرم نہیں،‘ پوپ فرانسس

پوپ فرانسس کا یہ بیان فرانسیسی پارلیمانی انتخابات کے نتائج سے ایک دن قبل آیا،جس میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت کی بڑی کامیابیوں کی توقع کی جارہی تھی۔ تاہم حتمی نتائج کے مطابق وہ تیسر ے مقام پر رہی۔ گزشتہ ماہ یورپی انتخابات میں بھی انتہائی دائیں بازو کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے جب کہ نومبرمیں ہونے والے نیدر لینڈز کے انتخابات میں قدامت پسند سخت گیر بھی بڑی کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔

ٹریسٹے کے اپنے دورے کے دوران پوپ فرانسس نے تارکین وطن اور معذور افراد سے بھی ملاقات کی۔

پوپ فرانسس صحت کے مسائل کی وجہ سے حالیہ مہینوں کے دوران بڑی حد تک اٹلی میں ہی قیام پذیر رہے البتہ اپریل میں وینس اور مئی میں ویرونا کا دورہ کیا تھا۔

ستمبر میں وہ ایشیا کے تقریباً دو ہفتے کے دورے پر جانے والے ہیں۔ اس دوران ان کے انڈونیشیا، سنگاپور، پاپوا نیو گنی اور ایسٹ تیمور جانے کا پروگرام ہے۔ یہ پوپ کے طورپر ان کی مدت کار کا سب سے طویل دورہ ہو گا۔

 ج ا/ ص ز (اے ایف پی، ڈی پی اے)