1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتپاکستان

بجلی کے نرخوں میں نیا اضافہ اب گرمیوں کے بعد، شہباز شریف

9 جولائی 2024

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کے مطابق ان کی حکومت ملک میں بجلی کے نرخوں میں نیا اضافہ گرمیوں کے بعد تک کے لیے مؤخر کر دینا چاہتی ہے۔ حکومت بجلی کے نرخوں میں یہ اضافہ آئی ایم ایف کے ساتھ ایک ڈیل کے باعث کرنا چاہتی ہے۔

https://p.dw.com/p/4i4Vt
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریفتصویر: Anjum Naveed/AP/picture alliance

پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی سے منگل نو جولائی کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاکستانی حکومت کو ملک میں بجلی کے نرخوں میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ایک معاہدے کی ایک کلیدی شق کے طور پر اضافہ تو کرنا ہی ہے، تاہم اب ایسا کرتے ہوئے حکومت عام صارفین کو بجلی کے بہت زیادہ نرخوں کے حوالے سے اس لیے کم از کم کچھ عرصے کے لیے سکون دینا چاہتی ہے کہ پاکستانی صارفین ملک میں بہت زیادہ مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں ماضی کے مقابلے میں مسلسل بڑھتے جانے سے بہت زیادہ پریشان ہیں۔

پاکستانی بجٹ: عوام کو بہتری کی کوئی توقع نہیں؟

پاکستان اسی مہینے آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نئے مالیاتی پیکج پر دستخط بھی کرنے والا ہے، جس کی اس جنوبی ایشیائی ملک کو اس کی معیشت کی بہت خراب صورت حال کی وجہ سے اشد ضرورت ہے۔

اسی بارے میں آج منگل کے روز ہی وزیر اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ان کی خواہش ہو گی کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ نیا مالیاتی پیکج تین سال کے عرصے کے لیے طے پا جائے۔

آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کے ساتھ ڈیل کے حوالے سے اہم بات یہ ہے کہ حکومت ملک میں بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ کرے، کیونکہ پاکستان میں معیشت کا یہ شعبہ اس حد تک مقروض ہے کہ یہ بات اسلام آباد حکومت کے ساتھ ساتھ خود آئی ایم ایف کے لیے بھی گہری تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔

نیا آئی ایم ایف بیل آؤٹ جولائی تک متوقع، پاکستانی و زیر خزانہ

پاکستان میں بڑھتی مہنگائی، عوام لنگر سے کھانا کھانے پر مجبور

تباہ حال پاکستانی معیشت کی ’گہری سرجری‘ ضروری، شہباز شریف

جہاں تک پاکستان میں غریب اور متوسط طبقے کے عام صارفین کا تعلق ہے تو وہ پہلے ہی خود کو مہنگائی کے بوجھ تلے کچلا ہوا محسوس کرتے ہیں اور اس سال اپریل میں ختم ہونے والے آئی ایم ایف پیکج کے ایک حصے کے طور پر گزشتہ 12 ماہ کے دوران بجلی کے نرخوں میں کئی مرتبہ بہت زیادہ اضافہ برداشت کرنے پر مجبور بھی ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں گیس قیمتوں میں تین گنا اضافہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس میں کہا، ''ہم صارفین کو جولائی، اگست اور ستمبر کے تین مہینوں کے لیے کچھ سکون کا سانس لینے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔‘‘

اس کے بعد پاکستان میں موسم گرما کی شدت ویسے بھی کم ہو جائے گی، درجہ حرارت کم ہو گا تو ملک میں بجلی کی کھپت بھی کم ہو جائے گی اور یوں کم بجلی استعمال کرنے پر صارفین کو بجلی کے بلوں کی مالیت کے طور پر بھی غالباﹰ بہت زیادہ بوجھ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

م م / ع ا (روئٹرز)

توانائی کی قیمتوں میں اضافہ، پھر ایسا تو ہو گا