1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران کی مبارکباد اور سوشل میڈیا پر ردعمل

8 جنوری 2019

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے بھارتی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا میں اولین ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مبارکبادی پیغام ارسال کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر خان کے اس پیغام کو انتہائی مثبت انداز میں لیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3BAu0
Australien Cricket | Indien vs. Australien
تصویر: Getty Images/AFP/D. Gray

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے منگل کے دن اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اکہتر برسوں میں پہلی مرتبہ کسی برصغیر کی ٹیم نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو اسی کے ملک میں ٹیسٹ سیریز میں مات دی ہے، جس پر وہ بھارتی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہیں۔

 بھارتی کرکٹ ٹیم نے پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں کسی ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ویراٹ کوہلی کے مطابق یہ جیت ان کے کیریئر کا سب سے زیادہ بڑا کارنامہ ہے اور وہ اس پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔

پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان عمران خان کی طرف سے بھارتی قومی ٹیم کے لیے مبارکبادی پیغام کو انتہائی مثبت انداز میں لیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا کے کئی صارفین نے اسے عمران خان کی فراخدالی سے تعبیر کرتے ہوئے دونوں روایتی حریف ممالک کے مابین دوستی کے ایک نئے باب سے بھی تعبیر کر دیا ہے۔

سدھرینے کلکرنی نے عمران خان کے اس ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مبارکبادی پیغام سے انہوں نے بہت سے بھارتیوں کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اچھا اشارہ ہے۔ کئی بھارتی شہریوں نے یہ بھی کہا ہے کہ موقع ہے کہ دونوں ممالک دوستی کے لیے قدم آگے بڑھائیں۔

پاکستانی صارف کاشف علی نے وزیرا عظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کی صورتحال بہتر بنانے کی کوشش کریں تاکہ پاکستانی ٹیم کو بھی اسی طرح مبارکباد دی جا سکے۔ کئی دیگر صارفین نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

 عمران خان کی طرف سے اس ٹوئٹ کے بعد نہ صرف بھارتی بلکہ پاکستانی میڈیا نے بھی اس کی بھرپور انداز میں کوریج کی ہے۔ پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا میں جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ بھارت میں وزیر اعظم اور صدر کے علاوہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات نے بھی اس بھارتی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید