1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران خان کی بھارت کو مذاکرات کی پیشکش

21 اگست 2018

پاکستان میں حال ہی میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے عمران خان نے حریف ایٹمی طاقت اور ہمسایہ ملک بھارت کو مذاکرات کے آغاز کی پیشکش کر دی ہے۔ عمران خان نے نئی دہلی کو یہ پیشکش اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کی۔

https://p.dw.com/p/33WNR
عمران خان اور نریندر مودی کی دسمبر دو ہزار پندرہ میں نئی دہلی میں ملاقات کی ایک تصویرتصویر: MEA India

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے منگل اکیس اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق اپنی اس پیشکش میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور نئے ملکی وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی ایشیا کی ان دونوں روایتی حریف لیکن مسلمہ ایٹمی طاقتوں کے مابین کشمیر کے دیرینہ تنازعے سمیت تمام حل طلب امور کے تصفیے کی خاطر بات چیت کی تجویز دی ہے۔

صرف دو روز قبل وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھانے والے عمران خان نے منگل کو ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں کو ہی آگے بڑھنے اور اپنے اپنے ہاں غربت کے خاتمے کی خاطر سبھی دو طرفہ اختلافات ختم کرنے کے لیے مکالمت کا راستہ اپنانا چاہیے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ عمران خان نے یہ تجویز بھی دی کہ دونوں ہمسایہ ریاستیں باہمی تنازعات کے حل کے لیے یہ راستہ بھی اپنا سکتی ہین کہ نئی دہلی اور اسلام آباد کے مابین تجارتی معاہدے طے کیے جائیں۔

پاکستان کے نئے وزیر اعظم نے ٹوئٹر پر یہ بات بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے اس حالیہ پیغام کے بعد کہی، جس میں ہندو قوم پرست سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے مودی نے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارک باد دی تھی اور ساتھ ہی پاک بھارت مذاکرات کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

م م / ا ا / اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید