عمران خان کی بطور وزیر اعظم حلف برداری اٹھارہ اگست کو
10 اگست 2018پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے جمعہ دس اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق موجودہ نگران حکومت نے ملکی صدر ممنون حسین کو جو سمری بھیجی تھی، اس کی صدارتی منظوری کے بعد 25 جولائی کے قومی انتخابات کے نتیجے میں وجود میں آنے والے وفاقی پارلیمان کے نئے ایوان زیریں یا قومی اسمبلی کا اولین اجلاس پیر 13 اگست کو ہو گا۔
پاکستان کی آزادی کی سالگرہ یعنی 14 اگست سے ایک روز قبل ہونے والے نئی قومی اسمبلی کے اس اجلاس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے اور اس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں آئے گا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے لکھا ہے کہ جولائی میں منعقدہ وفاقی اور صوبائی پارلیمانی انتخابات کے بعد موجودہ نگران حکومت کی طرف سے نو منتخب وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اقتدار کی منتقلی کا یہ عمل اگلے ہفتے سے شروع ہو جائے گا۔
اس عمل کی ابتدا نگران وزیر اعظم ناصرالملک کی طرف سے صدر ممنون حسین کو نئی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی اس سمری سے ہوئی تھی، جو اسی ہفتے جمعرات کو ایوان صدر کو بھیجی گئی تھی۔
نئے وزیر اعظم کی حلف برداری اٹھارہ اگست کو
اسی دوران اسلام آباد سے ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی سربراہ مملکت ممنون حسین عمران خان سے بطور وزیر اعظم حلف اٹھارہ اگست ہفتے کے روز ہونے والی ایک تقریب میں لیں گے۔ عمران خان کی تحریک انصاف نے حالیہ الیکشن میں قومی اسمبلی کی سب سے زیادہ نشستیں جیتی تھیں۔ اس پارٹی کو ملنے والی سیٹوں کی تعداد اکیلے حکومت سازی کے لیے کافی نہیں تھی، اس لیے پی ٹی آئی کو بہت سے آزاد امیدواروں اور چند چھوٹی ہم خیال یا اتحادی جماعتوں کی مدد حاصل کرنا پڑے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اسے 342 رکنی نئی قومی اسمبلی میں اب تک مجموعی طور پر 180 اراکین پارلیمان کی حمایت حاصل ہو چکی ہے جبکہ اگلے پانچ برسوں کے لیے وزیر اعظم کے طور پر اپنے انتخاب کے لیے عمران خان کو کم از کم بھی 172 ارکان کی حمایت درکار ہو گی۔
دوسری طرف پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق صدر ممنون حسین کو اس ماہ کی 16 سے لے کر 19 تاریخ تک ایک غیر ملکی دورہ کرنا تھا تاہم اب صدر نے اپنا یہ دورہ اس لیے ملتوی کر دیا ہے کہ وہ نو منتخب وزیر اعظم سے حلف لے سکیں۔ اپنا یہ غیر ملکی دورہ صدر ممنون حسین اب نئی حکومت کے اقتدار میں آ جانے کے بعد کریں گے۔
دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے بھی جمعے کے روز ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں تصدیق کر دی کہ عمران خان کی پاکستان کی آئندہ وفاقی حکومت کے سربراہ کے طور پر حلف برداری ہفتہ 18 اگست کو ہو گی۔
م م / ا ا / اے پی