1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں ساڑھے تین لاکھ سے زائد

27 مئی 2020

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یورپ اور امریکا کے بعد اب لاطینی امریکی ممالک میں کورونا وائرس کی وبا بہت تیزی سے پھیل رہی ہے اور یہ وبا کا نیا گڑھ ثابت ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/3corg
Coronavirus  Südafrika Kapstadt Coronastation
تصویر: picture-alliance/dpa/N. Engelbrecht

میکسیکو میں ایک دن میں جہاں پہلی بار کووڈ 19 سے ریکارڈ اموات درج کی گئی ہیں، وہیں پیرو میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرین کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔

کورونا کی وبا سے اب تک عالمی سطح پر ساڑھے تین لاکھ سے بھی زیادہ افراد لقمہ ئ  اجل بن چکے ہیں اور 16 لاکھ کے قریب متاثر ہوئے ہیں۔

 امریکا میں ہلاکتوں کی تعداد تقریبا 99 ہزار ہوگئی ہے اور اس طرح وہ ایک لاکھ اموات کے تکلیف دہ سنگ میل کی طرف بڑھ رہا ہے۔

جرمنی میں رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق کورونا وائرس کے 362 مزید مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں اور اس طرح جرمنی میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار 364 ہوگئی ہے۔ 47 مزید افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں اور اس طرح ہلاک ہونے والوں کی تعداد آٹھ ہزار 349 ہوگئی ہے۔

اس دوران جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی بس کمپنیوں نے ملکی سطح پر بدھ 27 مئی کو مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ بس کمپنیوں کو بھی کافی نقصان پہنچا اور حکومت کو چاہیے کہ وہ ایسی کمپنیوں کی بھی مالی اعانت کرے۔  اس کے تحت سب سے بڑا مظاہرہ برلن میں متوقع ہے۔

 سعودی عرب میں حکام نے آئندہ اتوار سے گھریلو پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری اعلان کے مطابق آغاز میں صرف 60 پروازیں شروع کی جائیں گی۔ سعودی عرب 31 مئی سے سرکاری و نجی دفاتر اور مساجد کھولنے کا اعلان پہلے ہی کر چکا ہے جبکہ مکمل کرفیو 21 جون سے اٹھالیا جائے گا۔ 

 امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ 19 سے 657 مزید افراد کی موت ہوگئی۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں اب تک 98 ہزار 875 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک میں پونے سترہ لاکھ سے بھی زیادہ افراد کووڈ 19 سے متاثر ہوئے ہیں۔

BG: Amazonas - Einheimische Krankenschwester im Kampf gegen Corona
عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ اوکے لاطینی امریکی خطے کی سربراہ کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپ میں تو کورونا وائرس کی وبا کا زور بتدریج کم ہورہا ہے تاہم جنوبی امریکی ممالک کورونا وبا کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بن سکتے ہیےتصویر: Reuters/B. Kelly

 اس وبا کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چار جولائی کو امریکا کے یوم آزادی کے جشن کو منانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

امریکی کانگریس کے بعض اراکین نے چار جولائی کے پروگرام کے تعلق سے خدشات کا اظہار کیا تھا لیکن وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے اس کے انعقاد کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان کا تاہم کہنا تھا کہ گزشتہ برس کے مقابلے اس بار کا جشن آزادی کافی مختلف ہوگا اور شرکاء پر صحت سے متعلق تمام اصول و ضوابط کی پابندی لازمی ہوگی۔

ادھر چین میں محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کی صرف ایک شخص میں تصدیق ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق اس کیس کا تعلق بھی بیرونی ممالک سے تھا۔ چین میں مجموعی طور پر اس وقت 82 ہزار 993 کیسز ہیں۔ ادھر ہانگ کانگ میں آج سے اسکول دوبارہ کھل رہے ہیں، جہاں جنوری میں اسکول بند کردیے گئے تھے۔

 کورونا وائرس کے کیسز لاطینی امریکی ممالک میں بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ برازیل میں 16 ہزار سے بھی زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس طرح وہاں اس وقت متاثرین کی تعداد تین لاکھ 91 ہزار 222 تک پہنچ گئی ہے۔  متاثرین کے لحاظ سے برازیل اس وقت عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 39 افراد کی کووڈ 19 سے موت ہوگئی ہے۔ برازیل کے محکمہ صحت کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک 24 ہزار 512 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ گزشتہ پانچ روز سے دنیا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں برازیل میں درج کی گئی ہیں۔

منگل 26 مئی کو پیرو میں ایک دن میں پانچ ہزار آٹھ سو کیسز درج کیے گئے ہیں اور اس طرح متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار پہنچ گئی ہے۔ پیرو میں اب تک تین ہزار 780 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ میکسیکو میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اس طرح ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد آٹھ ہزار 134 ہوگئی ہے۔ جبکہ 75 ہزار 560 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ اوکے لاطینی امریکی خطے کی سربراہ کا کہنا ہے کہ امریکا اور یورپ میں تو کورونا وائرس کی وبا کا زور بتدریج کم ہورہا ہے تاہم جنوبی امریکی ممالک کورونا وبا کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بن سکتے ہیے، اس لیے ان ممالک کو پابندیوں میں نرمی کے بجائے سختی کرنے کی ضرورت ہے۔

جنوبی کوریا میں کئی ہفتوں کے بعدگزشتہ 24 گھنٹوں 40 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور اس طرح ملکی سطح پر متاثرین کی تعداد 11 ہزار

 265 ہوگئی ہے جبکہ 269 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 

ص ز/ ج  ا (ایجنسیاں)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں