1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی سائنس مقابلے میں پاکستانی نوجوان کی کامیابی

Afsar Awan31 اگست 2012

گزشتہ دنوں امریکا میں نوجوان طلبہ کے ایک بین الاقوامی مقابلے جینیئس اولمپیاڈ میں ماحولیات کے شعبے میں ایک 15 سالہ پاکستانی نوجوان نے اپنے سائنسی پراجیکٹ پر دوسرا انعام یعنی سلور میڈل حاصل کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/161lj
تصویر: Shadab Rasool

پاکستانی طالب علم شاداب رسول نے جینیئس اولمپیاڈ کے شعبہ ماحولیات میں چاندی کا یہ تمغہ چائے کی استعمال شدہ پتی کی مدد سے صنعتی فضلے سے آلودہ پانی کو قابل استعمال بنانے کے حوالے سے ان کے پراجیکٹ پر دیا گیا۔

سندھ کے شہر خیرپور سے تعلق رکھنے والے پندرہ سالہ شاداب رسول، پاک ترک انٹرنیشنل اسکول میں دسویں جماعت کے طالبعلم ہیں۔ ان کا یہ پراجیکٹ امریکا میں بین الاقوامی سطح پر ہائی اسکول کے طالبعلموں کے درمیان ہونے والے مقابلے GENIUS Olympiad میں شامل تھا۔ اس مقابلے کی مختلف کیٹگریز میں 50 ممالک کے 450 طالبعلموں نے شرکت کی اور اپنے پراجیکٹس پیش کیے۔ خیر پور سے شاداب رسول جبکہ ہری پور سے عبدالدائم وہ دو پاکستانی طالبعلم تھے جنہیں اس مقابلے میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ شاداب بتاتے ہیں، ’’ہم دونوں طالبعلموں کے علیحدہ پراجیکٹس تھے۔ ہم نے ججوں کے سامنے اپنی ریسرچ پیش کی۔ اگلے دن اس مقابلے کے نتائج کا اعلان ہوا جس کے مطابق مجھےEnvironmental Quality کے شعبے میں چاندی کا تمغہ دیا گیا۔‘‘

جینیئس اولمپیاڈ مقابلے کی مختلف کیٹگریز میں 50 ممالک کے 450 طالبعلموں نے شرکت کی
جینیئس اولمپیاڈ مقابلے کی مختلف کیٹگریز میں 50 ممالک کے 450 طالبعلموں نے شرکت کیتصویر: Shadab Rasool

اپنے پراجیکٹ کی تفصیلات کے حوالے سے شاداب نے بتایا کہ انہوں نے چائے کی پتی کے ذریعے صعنتی فضلے میں موجود چار خطرناک دھاتوں کو کشید کرتے ہوئے ان کا خاتمہ کیا،’’میرے پراجیکٹ کا عنوان تھا “Removal of harmful pollutants from industrial waste water by the use of tea waste“ ۔ صعنتی فضلے میں چار خطرناک دھاتیں پائی جاتی ہیں جن میں نکل، کیڈمیئم، فینول اور لیڈ شامل ہیں۔ میں نے چائے کی پتی میں موجود بھاری دھاتوں کو جذب کرنے کی صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے ان کا خاتمہ کیا۔ جس کے بعد یہ پانی کاشتکاری کے لیے قابل استعمال بن جاتا ہے۔‘‘

شاداب کے مطابق ان کا متعارف کروایا گیا طریقہ کار نہ صرف نہایت مؤثر ہے بلکہ اس پر لاگت بھی کم آتی ہے، ’’ہم نے ٹی بیگ کا استعمال اسی لیے کیا تھا تاکہ اس پر خرچہ کم آئے۔ ورنہ دھاتیں ختم کرنے کے لیے میگنیٹک فیلڈ کے علاوہ اور بھی کئی طریقے ہیں تاہم وہ لاگت کے اعتبار سے خاصے مہنگے ہیں۔ ہم نے اسی لیے چائے کی پتی استعمال کی جس کے باعث یہ پراجیکٹ کم سرمائے میں مکمل ہو سکتا ہے۔‘‘

مجھے جو اسکالر شپ دی گئی ہے اس کے بارے میں پاکستانی میڈیا میں بہت بڑھا کر بتایا جا رہا ہے, شاداب رسول
مجھے جو اسکالر شپ دی گئی ہے اس کے بارے میں پاکستانی میڈیا میں بہت بڑھا کر بتایا جا رہا ہے, شاداب رسولتصویر: Shadab Rasool

اس مقابلے میں تمغے حاصل کرنے والے طالبعلوں کو اسٹیٹ یونیورسٹی آف نیویارک کی جانب سے اسکالر شپ دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے جس کے بارے میں شاداب بتاتے ہیں، ’’ مجھے جو اسکالر شپ دی گئی ہے اس کے بارے میں پاکستانی میڈیا میں بہت بڑھا کر بتایا جا رہا ہے۔ مجھے جو اسکالر شپ دی گئی ہے وہ پچاس ہزار امریکی ڈالرز ہے جو کہ بیرون ملک تعلیم کے لیے ناکافی ہے۔ مجھے اس کے لیے SAT کے علاوہ ایک اور امتحان بھی پاس کرنا ہو گا ۔ اگر اس کا نتیجہ اچھا آیا تو اس کے بعد اسکالرشپ کی رقم میں اضافہ ہو جائے گا۔‘‘

شاداب کے مطابق وہ انٹر کے امتحانات کے بعد اسکالر شپ کے لیے امتحان دیں گے تاکہ مزید تعلیم حاصل کرتے ہوئے ملک اور قوم کا نام روشن کر سکیں۔

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: افسر اعوان