1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی اقتصادی فورم: دہشت گردی اہم موضوع

افسر اعوان21 جنوری 2015

سوئس شہر داووس میں آج سے عالمی اقتصادی فورم کا آغاز ہو رہا ہے۔ عالمی سطح پر اپنی نوعیت کے اس 45 ویں اجلاس میں ڈھائی ہزار سے زائد مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔ اس چار روزہ میٹنگ میں دہشت گردی کا مسئلہ اہمیت حاصل کیے رہے گا۔

https://p.dw.com/p/1ENsN
تصویر: WEF

اسکییئنگ کے حوالے سے معروف سوئٹزرلینڈ کے تفریحی مقام داووس میں عالمی سیاسی اور کاروباری رہنما ایک ایسے وقت میں جمع ہو رہے ہیں جب ایک طرف تو پیرس میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی گونج ابھی باقی ہے تو دوسری طرف دنیا کے مختلف حصوں میں تنازعات سر اٹھائے ہوئے ہیں۔ پیرس میں پہلے ہفت روزہ شارلی ایبدو اور پھر ایک یہودی سپر اسٹور پر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ خونریزی اور مغربی ممالک کی طرف سے شام یا عراق سے یورپ واپس لوٹنے والے جہادیوں کے ممکنہ حملوں سے بچاؤ کے لیے اقدامات، خاص طور پر داووس میٹنگ کے ایجنڈا پر سرفہرست رہے گی۔ اس دوران سیاسی سطح پر جاری بحرانوں پر بات کی جائے گی جبکہ ڈیجیٹل انقلاب کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر جنم لینے والی مختلف مشکلات پر بھی تبادلہٴ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یوکرائن کا تنازعہ بھی اس بین الاقوامی میٹنگ میں اہم موضوع ہو گا۔ داووس میں منعقد ہونے والے اس عالمی فورم میں اقتصادی شعبے کے اعلٰی نمائندے بھی شامل ہیں۔

سوئٹزرلینڈ کا تفریحی مقام داووس اسکییئنگ کے حوالے سے بھی معروف ہے
سوئٹزرلینڈ کا تفریحی مقام داووس اسکییئنگ کے حوالے سے بھی معروف ہےتصویر: DW

21 جنوری سے 24 جنوری تک جاری رہنے والے عالمی اقتصادی فورم کے سلسلے میں جن عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے ان میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری بھی شامل ہیں۔ داووس میٹنگ کا ایک اور اہم موضوع عراقی رہنماؤں وزیراعظم حیدر العبادی اور کرد رہنما مسعود بارزانی کے ساتھ عراق اور شام میں سرگرم اسلامک اسٹیٹ کے خلاف کارروائیوں کا جائزہ بھی ہو گا۔

جرمن ماہر معاشیات کلاؤس شواب نے عالمی اقتصادی فورم کی بنیاد 1971ء میں رکھی تھی۔ قیام کے فوراً بعد انہوں نے یورپی تجارتی اداروں کا ایک اجلاس منعقد کیا۔ بعد ازاں انہوں نے عالمی اقتصادی فورم کے نام سے ایک فاؤنڈیشن قائم کرتے ہوئے صرف اقتصادی اور سیاسی موضوعات پر توجہ مرکوز کر دی۔ عالمی اقتصادی فورم دنیا میں اپنی نوعیت کا مشہور ترین اجلاس ہے۔