1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طيارہ ساز کمپنی بوئنگ کے ايک اور ماڈل ميں نقص

1 نومبر 2019

امريکی طيارہ ساز کمپنی بوئنگ کے ميکس 737 طياروں ميں نقص کے بعد اب اسی کمپنی کے ايک اور ماڈل ميں نقص ملے ہيں اور کئی کمپنيوں نے متاثرہ طياروں کو پرواز سے روک ديا ہے۔

https://p.dw.com/p/3SKFx
Qantas - Boeing 737
تصویر: picture-alliance/dpa/AP/R. Rycroft

آسٹريليا کی قنطاس ايئر ويز نے اپنے تين بوئنگ 737 طيارے گراؤنڈ کرنے کا اعلان کيا ہے۔ طياروں کو پرواز سے روکنے کی وجہ، ان کے پروں ميں دراڑيں ہيں۔ ايئر لائن نے واضح کيا ہے کہ مرمت کے بعد يہ تينوں طيارے اسی سال دوبارہ پرواز کر سکيں گے۔

آسٹريليا ميں يہ پيش رفت امريکی وفاقی ايوی ايشن ايڈمنسٹرين کی جانب سے اس حاليہ اعلان کے بعد سامنے آئی ہے، جس ميں ريگوليٹرز نے تمام ايئر لائنز کو بوئنگ 737 طياروں کا معائنہ کرنے کا کہا تھا۔ اب تک اس مخصوص ماڈل کے طيارے دنيا بھر ميں تيس ہزار لينڈنگ اور ٹيک آف مکمل کر چکے ہيں۔ امريکی ريگوليٹرز نے بوئننگ 737 طرز کے ہوائی جہاز استعمال کرنے والی تمام کمپنيوں کو ہدايت جاری کی تھی کہ پروں کو طيارے کے مرکزی جسم سے ملانے والے حصے ميں ممکنہ دراڑوں سے پیدا ہونے والے نقص کا معائنہ کيا جائے۔

قنطاس کے ڈوميسٹک اور فريٹ کے چيف ايگزيکيٹو اينڈرو ڈيوڈ نے بتايا کہ ايئر لائن نے ڈھائی برس کے عرصے ميں 22,600 سے زائد سفر مکمل کرنے والے تينتيس طياروں کا معائنہ کر ليا ہے۔ قنطاس ايئر لائن کو تين طياروں ميں نقص ملے۔ ڈيوڈ کے بقول گو کہ خطرہ کافی معمولی ہے ليکن ان کی کمپنی نے ايک ہفتے ميں معائنہ مکمل کر کے جہازوں کو پرواز سے روکنے کا فيصلہ کيا ہے۔ يہ امر اہم ہے کہ قنطاس ايئر ويز کے پاس مجموعی طور پر پچھتر بوئننگ 737 طيارے ہيں۔

يہاں يہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بوئنگ 737 طيارے بوئنگ ہی کے تيار کردہ ان طياروں سے مختلف ہيں جنہيں دو بڑے واقعات کے رونما ہونے کےبعد  عالمی سطح پر گراؤنڈ کيا چا چکا ہے۔ حاليہ برسوں ميں بوئنگ کے دو ميکس 737 طيارے کريش ہو چکے ہيں، جن ميں 346 انسانی جانيں ضائع ہوئيں۔

دريں اثناء امريکی کانگريس ميں اسی ہفتے ہونے والی ايک سماعت کے دوران بوئنگ کے ايسے داخلی دستاويزات پيش کيے گئے، جن ميں کمپنی کے ملازمين نے چند ماڈلز ميں فلائٹ کنٹرول سسٹم اور پيداوار کی رفتار پر اپنے خدشات کا اظہار کيا تھا۔

ع س / ک م، نيوز ايجنسياں