1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان نمائندے کا کولون کی مسجد میں خطاب، جرمنی میں غم وغصہ

19 نومبر 2023

افغانستان میں حکمران طالبان حکومت کے ایک نمائندے کے کولون کی ایک مسجد میں خطاب پر جرمنی میں غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ جرمن وزارت خارجہ نے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/4Z99c
کولون کے علاقے کور وائلر کی مسجد
تصویر: Oliver Berg/dpa/picture alliance

طالبان کے ایک نمائندے کی جرمن شہر کولون کی ایک مسجد میں موجودگی نے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیوز میں افغانستان کی وزارت خوراک و ادویات کے ڈائریکٹر عبدالباری عمر کو مسجد میں خطاب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیوز جمعرات 16 نومبر کو وہاں ہونے والے ایک ایونٹ کے موقع پر بنائی گئیں۔

افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے خلاف طالبان کی کارروائیوں میں اضافہ

’افغانستان واپسی کا مطلب موت ہے‘

جرمن وزارت خارجہ کے مطابق اسے عبدالباری کے دورے کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی اس نے ان کا ویزہ جاری کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے، ''ہم طالبان کے ترجمان عبدالباری عمر کی کولون میں موجودگی کی مذمت کرتے ہیں۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کے حکام اور دیگر پارٹنر کے تعاون سے اس معاملے کے حوالے سے دیگر اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔

جرمنی کی وفاقی وزیر داخلہ نینسی فیزر
جرمنی کی وفاقی وزیر داخلہ نینسی فیزر نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہےتصویر: MICHELE TANTUSSI/AFP

جرمنی کی وفاقی وزیر داخلہ نینسی فیزر نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جرمنی میں کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں کہ وہ شدت پسند افراد کو اسٹیج فراہم کرے۔ اس بارے میں ان کا مزید کہنا تھا، ''ہم افغانستان سے بہت سے مہاجرین کا طالبان سے تحفظ کرتے ہیں... ان کے نمائندگان کا یہاں کوئی لینا دینا نہیں۔‘‘

عبدالباری عمر نے کولون شہر کے شمالی علاقے کوروائلر میں ایک مسجد میں منعقدہ ایونٹ میں شرکت کی۔ اس مسجد کی منتظم تنظیم دِتِب  (DITIB) کا کہنا ہے کہ اس نے ایک افغان ثقافتی تنظیم کو ایک مذہبی ایونٹ کے انعقاد کی اجازت دی تھی۔

دتب کی مقامی برانچ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے، ''طے شدہ معاہدے کے برخلاف یہ ایک سیاسی ایونٹ بن گیا جس میں ایک ایسے شخص کو خطاب کے لیے بلایا گیا جس کے بارے میں ہم نہیں جانتے تھے۔‘‘

افغانستان میں صنفی تعصب کے خلاف جرمنی میں بھوک ہڑتال

تنظیم کی طرف سے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے کہ اس کے بھروسے کو غلط استعمال کیا گیا۔

خیال رہے کہ جرمنی آمد سے قبل عبدالباری عمر نیدرلینڈز میں تھے جہاں انہوں نے دی ہیگ میں منعقدہ عالمی ادارہ صحت کی ایک کانفرنس میں شرکت کی۔

ا ب ا/ک م (ڈی پی اے، کے این اے)