1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شہرہ آفاق ہسپانوی ریستوران ایلبُلیی بند

4 اگست 2011

کئی بار دنیا کی بہترین طعام گاہ کا اعزاز پانے والا اسپین کا ساحلی ریستوران ایلبُلیی دو دہائیوں تک شیف فیرن آدریا کی زیر قیادت کھانوں میں جدت پسندی کا ریکارڈ توڑنے کے بعد گزشتہ ہفتے بند کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12B9U

انچاس سالہ فیرن آدریا نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ وہ بارسلونا سے دو گھنٹے کی مسافت پر واقع اس ریستوران کو بند کر کے اس کی جگہ کھانا پکانے کے فن پر تحقیق کا مرکز قائم کریں گے۔

ریستوران کی بندش کے موقع پر آخری کھانا پیش کرنے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیف فیرن آدریا نے کہا کہ ہر رات درجنوں اقسام کے کھانے تیار کرنے اور ہر سال میز بک کرانے کی لاکھوں درخواستوں کو بھگتانے پر اتنا وقت صرف ہو جاتا تھا کہ وہ کھانوں میں اختراع کی جانب توجہ نہیں دے سکتے تھے۔

آدریا، جو 1987 سے ریستوران کے ہیڈ شیف اور مشترک مالک ہیں نےکہا، ’’قدرتی طور پر یہ سوگوار دن ہونا چاہیے مگر اس کے برعکس ہمیں اس بات پر انتہائی خوشی ہے کہ منصوبہ جاری رہے گا۔‘‘

Ferran Adria
ایلبُلیی کے مرکزی شیف فیرن آدریاتصویر: picture-alliance/ dpa

ایلبُلیی فاؤنڈیشن نامی تحقیقی مرکز 2014 میں ریستوران کے نزدیک تعمیر ہونے والی عمارت میں کھولا جائے گا۔ یہ عمارت صنوبر اور زیتون کے درختوں سے گھری ہوئی ایک پرپیچ سڑک کے اختتام پر ہے۔ فاؤنڈیشن میں ہر سال 20 سے 25 افراد کو وظائف دیے جائیں گے تاکہ وہ ایلبُلیی کے بنیادی عملے کے ساتھ کام کرتے ہوئے اختراعی کھانے تیار کرنا سیکھیں۔ اس کے نتائج آن لائن پوسٹ کیے جائیں گے۔

آدریا پکوان کی منفرد انداز میں تیاری کے لیے جدید طریقے اپناتے ہیں۔

ایلبُلیی کی الوداعی تقریب میں مدعو پچاس مہمانوں نے کھانے کا آغاز ان کی تیار کردہ خشک مارٹینی سے کیا جس میں خاص طور پر تیار کیے گئے زیتون کو زبان پر رکھ کر جِن اور ورماؤتھ کا اسپرے کیا جاتا ہے۔

ڈنر کے بعد فن پکوان کے تحقیقی مرکز کی افتتاحی محفل منعقد کی گئی۔ ایلبُلیی کو کھانوں کی تیاری میں مختلف تجربات کرنے اور غذائی تنوع کے لحاظ سے پسماندہ ملک اسپین کو دنیا میں سب سے آگے لانے کا اعزاز حاصل ہے۔

برطانیہ کے ’ریسٹورنٹ‘ نامی میگزین کی 50 بہترین ریستورانوں کی سالانہ فہرست میں ایلبُلیی پانچ بار پہلے نمبر پر رہا۔ اس ریستوران میں کام کرنے والے بہت سے شیفس خود اپنے بہترین ریستوران کھول چکے ہیں اور وہ اس کا سہرا ایلبُلیی کے سر باندھتے ہیں، جہاں انہیں کھانا پکانے میں مختلف تجربات کی مکمل آزادی حاصل تھی۔

آدریا کے قریب بیٹھے کوپن ہیگن کے مشہور نوما ریستوران کے ہیڈ شیف اور مشترک مالک رینی ریدزیپی نے کہا کہ ہمیں اپنے ریستوران میں کچھ کرنے کی آزادی اور ہمت ایلبُلیی سے ملی ہے۔

Flash-Galerie Köche
ماضی میں ایلبُلیی میں کام کرنے والے بیشتر شیفس نے اپنے ریستوران کھول لیے ہیںتصویر: AP

نوما کو 2011 میں مسلسل دوسری بار بہترین ریستوران کا اعزاز ملا ہے۔

شکاگو کے معروف علینیا ریستوران کے ہیڈ شیف گرانٹ اچاتز بھی ایلبُلیی میں کام کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ’’کسی کو خطرات سے کھیلتے اور پکانے کے ذریعے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کرتے دیکھنا آپ میں روشنی جگا دیتا ہے۔‘‘

ایلبُلیی سال میں صرف چھ ماہ یعنی گرمیوں کے موسم میں کھلتا تھا۔ اسے جگہ ریزرو کرانے کے لیے سالانہ بیس لاکھ درخواستیں موصول ہوتی تھیں جن میں سے اکثر کو قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیا جاتا تھا۔

ڈنر میں 30 سے 50 چھوٹی ڈشیں پیش کی جاتی تھیں اور یہاں کھانے کا بل، ٹیکس، مشروبات اور ٹپ کو چھوڑ کر 270 یورو ہوتا تھا۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں