1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیرِ اعظم منتخب

11 اپریل 2022

پاکستان میں 23 ویں وزیر اعظم کا انتخاب آج ہوگیا۔ شہباز شریف بلا مقابلہ پاکستان کے 23 ویں وزیرِ اعظم منتخب ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/49kno
Shahbaz Sharif
تصویر: Anjum Naveed/AP/picture alliance

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملیے!

قومی اسمبلی میں پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے ووٹنگ کا بائیکاٹ، واک آوٹ اور کئی اراکین کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر میاں محمد شہباز شریف بلا مقابلہ پاکستان کے 23 ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے ہیں۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف ہفتے کے روز تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ملک میں 23 ویں وزیر اعظم کا انتخاب آج کیا گیا۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر دو بجے شروع ہوا۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں شہباز شریف کے وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہوگئے۔ 

آج ہونے والی اس ووٹنگ میں دونوں امیدواران کوکامیابی کے لیے 342 نشستوں پر مبنی اس ایوان میں 172 ارکان کی حمایت چاہیے تھی لیکں تحریک انصاف نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کر دیا جس کے بعد شہباز شریف 174 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ 

تاہم شہباز شریف کی نامزدگی پر تحریک انصاف کی جانب سے اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔ پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر آئینی اعتراضات اٹھا دیے، ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پر مقدمات درج ہیں، آرٹیکل 233 کاغذات نامزدگی کو منظور کرنے یا مسترد کرنے کا 3 جگہ پر اختیار دیتا ہے۔ بابراعوان نے مطالبہ کیا،''شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں، شہباز شریف کے خلاف مالی بدعنوانی کے مقدمات ہیں، دنیا کا پہلا وزیراعظم ہوگا جو 10 مہینے سے ضمانت پر ہے۔‘‘

پاکستان: سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپوزیشن کا جشن

آج اس اجلاس کی قیادت ایاز صادق نے کی۔ واضح رہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب  ہونے کے بعد پاکستانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر مستعفی ہوگئے تھے، جس کے بعد قائم مقام اسپیکر ایاز صادق نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے اجلاس آج طلب کیا تھا۔

یاد رہے کہ عمران خان ملک کے ایسے پہلے جمہوری وزیر اعظم ہیں، جن کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی۔ ماضی میں دو بار پہلے بھی اپوزیشن کی جانب سے حکومت کے خلاف یہ تحریک چلائی گئی لیکن کامیاب نا ہو سکی تھی۔

اس تمام صورت حال کے باوجود پاکستان بھر میں عوام کی جانب سے عمران خان کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں اور 'امپورٹڈ حکموت نامنظور‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔ علاوہ ازیں عمران خان کی جانب سے ملک گیر احتجاج اور ریلیوں پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔

Pakistan Protest nach Misstrauensvotum gegen Imran Khan | Quetta
اس تمام صورت حال کے باوجود پاکستان بھر میں عوام کی جانب سے عمران خان کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں اور 'امپورٹڈ حکموت نامنظور‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔ تصویر: Banaras Khan/Getty Images/AFP

شہباز شریف آج قومی اسمبلی میں کامیابی کے بعد پاکستانی وقت کے حساب سے رات آٹھ بجے حلف اٹھائیں گے۔