1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شُوماخر کے حادثے کی وجہ کوئی بیرونی عمل نہیں، تفتیش

ندیم گِل18 فروری 2014

فرانس کے دفترِ استغاثہ نے کہا ہے کہ فارمولا وَن کے جرمن لیجنڈ میشائل شوماخر کے اسکیئنگ حادثے میں کوئی بیرونی عوامل شامل نہیں تھے۔ یہ بات ایک تفتیش کے نتیجے میں بتائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1BAiQ
تصویر: TOSHIFUMI KITAMURA/AFP/GettyImages

فرانس کے دفترِ استغاثہ نے اس تفتیش کے نتائج پیر کو پیش کیے۔ وکیلِ استغاثہ پیٹرک کوئنسی نے ایک بیان میں کہا: ’’کسی طرح کی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی۔‘‘

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق انہوں نے بتایا کہ اسکیئنگ کورس فرانسیسی روایات کے مطابق تھا۔ کوئنسی نے مزید کہا کہ شوماخر جب گرے تو پہلے وہ اسکیئنگ کورس سے ساڑھے چار میٹر کے فاصلے پر ایک پتھر سے ٹکرائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد وہ تھوڑی اور دُور جا گرے جہاں ان کا سر ایک پتھر سے ٹکرایا جو اسکیئنگ کورس سے 10.4 میٹر دُور تھا۔

شُوماخر کے ساتھ گزشتہ برس 29 دسمبر کو پیش آنے والے حادثے کے بعد تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ تفتیش کاروں نے ان کے اس ہیلمٹ پر نصب کیمرے کا جائزہ بھی لیا تھا جو وہ اسکیئنگ کے دوران پہنے ہوئے تھے۔ تفتیش کاروں کے مطابق کیمرے کی فوٹیج کا جائزہ لینے کا مقصد اس بات کا پتہ چلانا تھا کہ حادثہ کِن حالات میں پیش آیا۔

Frankreich Grenoble Klinik Michael Schumacher 08.01.2014
شوماخر کے ساتھ حادثے پر ان کے پرستار غمزدہ ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

میشائل شُوماخر سر میں شدید چوٹ کے باعث بدستور کوما میں ہیں اور وہ فرانس کے جنوب مشرقی شہر گرینوبل کے ایک ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ انہیں مصنوعی طریقے سے کوما میں رکھا گیا تھا تاکہ سر میں لگی چوٹ کا دماغ پر زیادہ اثر نہ پڑے۔

ڈاکٹروں نے گزشتہ ماہ کے آخر سے انہیں کوما سے نکالنے کا عمل شروع کر رکھا ہے۔ ڈاکٹروں کا یہ بھی کہنا تھا کہ شُوماخر نے ہیلمٹ نہ پہن رکھا ہوتا تو وہ زندہ نہ بچتے۔

شُوماخر کی مینجر زابینے کیہم نے گزشتہ جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ سات مرتبہ فارمولا وَن ورلڈ چیمپیئن جیتنے والے اس لیجنڈ کا خاندان بدستور ان کی طبی ٹیم پر بھروسہ رکھتا ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ وہ ٹھیک ہو جائیں گے۔

شوماخر اپنے چودہ سالہ بیٹے کے ساتھ فرانس کے تفریحی مقام میریبیل میں اسکیئنگ کر رہے تھے کہ ان کے ساتھ حادثہ پیش آیا۔ بعدازاں انہیں ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔

حادثے کے بعد ابتدائی معلومات آنے پر ان کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا تھا۔ تاہم جلد ہی ڈاکٹروں نے یہ اعلان کر دیا تھا کہ 45 سالہ میشائل شوماخر کی زندگی کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔