1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا: مارچ میں پارلیمانی انتخابات

شامل شمس8 جنوری 2014

شمالی کوریا کی کمیونسٹ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس مارچ کے مہینے میں ملک میں ’پارلیمانی‘ انتحابات کروائے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/1Amqn
REUTERS/Kyodo
تصویر: Reuters

مبصرین کے مطابق شمالی کوریا کی مطلق العنان حکومت کی جانب سے ’ربر اسٹیمپ‘ پارلیمنٹ کے انتخابات کروانے کا اعلان اس بات کی کوشش ہے کہ کمیونسٹ رہنما کِم یونگ اُن کی جانب سے ان کے چچا کے قتل کے بعد ملک پر ان کی گرفت کو مضبوط تر کیا جا سکے اور یہ کہ کِم کے اقدامات کی نئی پارلیمنٹ سے توثیق کروائی جا سکے۔

شمالی کوریا میں پارلیمانی انتخابات ہر پانچ سال بعد منعقد کیے جاتے ہیں۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ انتخابات نو مارچ کو ہوں گے۔ انتخابات کی تاریخ کا اعلان ایک ایسے وقت سامنے آ یا ہے جب شمالی کوریا اپنے متنازعہ جوہری پروگرام اور کِم یونگ اُن کی جانب سے حکومت پر مکمل کنٹرول کے لیے کیے جانے والے انتخابات کی وجہ سے خبروں میں ہے۔

اس سے قبل پارلیمانی انتخابات سن دو ہزار نو میں منعقد کیے گئے تھے۔ چھ سو ستاسی اضلاع سے صرف ایک ہی امیدوار کو انتخابات میں حصہ لینے کی منظوری دی گئی تھی۔ یہ انتخابات کِم یونگ اُن کے والد کِم یونگ اِل کی زیر نگرانی کروائے گئے تھے۔

کِم یونگ اُن اپنے والد کی وفات کے بعد دسمبر دو ہزار گیارہ میں اقتدار پر براجمان ہوئے۔ اقتدار سنبھالنے کے بعد انہوں نے شمالی کوریا میں وسیع پیمانے پر تبدیلیاں کیں۔ ان میں سے سب سے اہم حال ہی میں یانگ سونگ ٹیک کا قتل تھا۔ یانگ سونگ ٹیک کِم کے چچا تھے اور ان کے والد کے دور حکومت میں انتہائی طاقت ور شخصیت سمجھے جاتے تھے۔ وہ کِم کے استاد بھی تھے۔ تاہم ان کو غداری اور بدعنوانی کے الزامات میں گزشتہ ماہ موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ کِم کے مطابق ان اقدامات سے شمالی کوریا مضبوط ہوا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ کِم اپنے پسندیدہ افراد کو حکومت میں دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ اپنے والد کے دور کے سینئر رہنماؤں کا سیاست میں کردار آہستہ آہستہ کم کر رہے ہیں۔

کوریا کے امور کے ماہر کِم یون چُل کا اس بارے میں کہنا ہے کہ یہ دلچسپ بات ہوگی کہ کِم کن افراد کو پارلیمانی انتخابات کے لیے سامنے لاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کِم جن افراد کو ترجیح دیں گے وہ شمالی کوریا کے کمیونسٹ رہنماؤں کی نئی نسل سے ہوں گے۔

خیال رہے کہ آج بدھ کے روز کِم یونگ اُن کی سالگرہ کا دن بھی ہے۔ ان کے سنِ پیدائش کے بارے میں ابہام پایا جاتا ہے۔ بعض رپورٹوں کے مطابق وہ انیس سو بیاسی میں پیدا ہوئے تھے، جبکہ بعض کہ مطابق ان کا سنِ پیدائش انیس سو تراسی اور انیس سو چوراسی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں