1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’شرَیک فار ایور آفٹر‘: نئی سپر ہٹ فلم

25 مئی 2010

شرَیک سیریز کی چوتھی فلم کو شمالی امریکہ سمیت دنیا کے کئی خطوں میں سپر ہٹ قرار دے دیا گیا ہے۔ باکس آفس پر شرَیک سیریز کی اس چوتھی فلم کو ’آ ئرن مین‘ پارٹ ٹو کے ساتھ سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/NVy7
تصویر: AP

ہالی ووڈ کی اینیمیٹڈ فلم ’شرَیک فار ایور آفٹر‘ شرَیک نام کی فلموں کے سلسلے کی چوتھی فلم ہے۔ اس سیریز کی سابقہ فلموں کے عین مطابق توقع کی جا رہی تھی کہ یہ فلم بھی اسی طرح کامیاب ہو گی اور وہی ہوا بھی۔ Shrek سیریز کی چوتھی فلم کو شائقین نے بہت پسند کیا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ اس سیریز کی تیسری فلم نے ریکارڈ بزنس کیا تھا جو 121ملین ڈالر سے زائد تھا۔ ’شرَیک فار ایور آفٹر‘ البتہ اپنے پہلے تین دنوں میں 71 ملین ڈالر اکٹھا کر سکی۔ فلم ساز ادارے کو یقین تھا کہ یہ فلم ایک سو ملین ڈالر کے ہدف کو عبور کر لے گی لیکن اس کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم ’آئرن مین پارٹ ٹو‘ نے شرَیک کی مارکیٹ کو یقینی طور پر متاثر کیا ہے۔ اس فلم کے مرکزی کردار کو معروف اداکار و صداکار مائک مائرز کی آواز حاصل ہے۔

Flash-Galerie Animationsfilm
تصویر: picture-alliance/dpa

شرَیک سیریز کی سابقہ فلمیں بھی پسندیدگی کے اعتبار سے انتہائی کامیاب قرار دی گئی تھیں۔ اس سیریز کی دوسری فلم نے بھی سینما گھروں پر پہلے تین دنوں میں ایک سو ملین ڈالر کا ہدف عبور کیا تھا۔ اس سیریز کی دوسری فلم سن 2004 میں اور تیسری سن 2007 میں ریلیز کی گئی تھی۔ البتہ سن 2001 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم کو آمدنی کے اعتبار سے کم درجے پر رکھا جا سکتا ہے۔ اس فلم کی تیاری اور پروڈکشن پر ایک ہی ادارے نے سرمایہ کاری کی ہے۔ فلم ساز ادارے کے مطابق شرَیک سیریز کی یہ نئی فلم اس سلسلے کی آخری فلم ہے۔

’شرَیک فار ایور آفٹر‘ ڈریم ورکس ادارے کی فلم ہے۔ یہ فلم ایک سبز رنگ کی خوشگوار طبیعت والی جن نما اور عجیب و غریب ہیئت کی لیکن انسانی شکل و صورت کی حامل مخلوق کے بارے میں ہے۔ فلم میں شرَیک کو آواز کا روپ مائیک مائرز نے دیا ہے۔ مائیک مائرز امریکی فلمی صنعت میں معروف کامیڈین، فلمساز اور سکرین رائٹر کے طور پر اپنی ایک الگ پہچان رکھتے ہیں۔

فلم کا ایک اور کردار جو بلی کی شکل میں ہے، اس کی آواز آنٹونیو بانڈیراس کی ہے۔ اسی طرح فلم میں شرَیک کی بیوی شہزادی فیونا کے کردار کو آواز کا روپ مشہور امریکی اداکارہ کیمرون ڈیاز نے دیا ہے۔ اس فلم میں گدھے کے کردار کی آواز مشہور سیاہ فام امریکی اداکار ایڈی مرفی کی ہے۔ شرَیک سیریز کو انتہائی بلند پایہ صداکاروں کی آوازوں نے چار چاند لگائے ہیں۔ ناقدین کا خیال ہے کہ animated فلموں میں آواز کا انتخاب انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اور شرَیک سیریز کی فلموں میں مناسب ترین آوازیں بھی ان فلموں کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ ہیں۔

Der Schwiegersohn ihrer Träume
شرَیک اپنی شہزادی فیونا کے ہمراہتصویر: AP

شرَیک کے عجیب و غریب اور دلچسپ کردارکے خالق مشہور امریکی کارٹونسٹ اور ادیب ولیم سٹائیگ ہیں۔ وہ بچوں کے لئے دلچسپ اور پراسرار کہانیاں لکھنے میں بھی اپنا ہی ایک مقام رکھتے ہیں۔ ان کا انتقال سن 2003 میں ہوا تھا ۔ رحلت کے بعد ان کا سب سے بڑا ترکہ وہ بے شمار کتا بیں ہیں جو انہوں نے بچوں کے لئے لکھی تھیں۔ ولیم سٹائیگ اپنی کتابوں میں بچوں کی دلچسپی کے لئے کرداروں کے خاکے بھی وضع کرتے تھے اور انہیں میں سے ایک شرَیک کا کردار ہے جس پر چار انتہائی معروف فلمیں بنائی گئی ہیں۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک