1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی فوج کے چار اعلیٰ افسران منحرفین میں شامل

9 مارچ 2012

اسد حکومت کے مخالف دو باغی گروپوں کے جاری کردہ بیان کے مطابق جونیئر وزیر تیل کے بعد شامی فوج کے مزید چار بڑے افسران بھی حکومتی صفوں کو چھوڑ کر باغیوں سے آن ملے ہیں۔

https://p.dw.com/p/14HwY
فری سیریئن آرمی کے قبضے میں ٹینکتصویر: picture-alliance/dpa

فری سیریئن آرمی کے ترجمان لیفٹیننٹ خالد الحمُود نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو ٹیلیفون پر بتایا کہ اسد حکومت کی فوج کے چار اعلیٰ افسران کریک ڈاؤن کی پالیسی کے خلاف احتجاجاً سرکاری دستون کی صفیں چھوڑ کر باغیوں کے ساتھ شامل ہو گئے ہیں۔ اس طرح اسد حکومت کی فوج سے منحرف ہونے والے بریگیڈیئر جنرل کے عہدے کے افسران کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ ان میں سے چھ افسران اس وقت ترکی میں ہیں۔

منحرف ہونے والے ساتویں بریگیڈیئر جنرل عدنان فرزات (Adnan Farzat) بدستور شام کے اندر منحرفین کی قیادت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے شامی فوج چھوڑنے کا اعلان گزشتہ منگل کے روز یُو ٹیوب پر کیا تھا۔ وہ اگلے دنوں میں امکاناً حمص کے اردگرد کے علاقوں میں احتجاجاً فوج چھوڑنے والے فوجیوں کی ان کے جنگی آپریشن میں کمان کر سکتے ہیں۔

Syrien Kommandeur Riad al Asaad Freie Syrische Armee
فری سیریئن آرمی کے بانی و سربراہ کرنل ریاض الاسدتصویر: dapd

فری سیریئن آرمی کے ترجمان کے مطابق ملکی فوج سے منحرف ہونے والے اعلیٰ افسران اس وقت ترکی میں موجود ہیں اور وہ جلد ہی شام میں حکومتی فوج کے خلاف برسرپیکار فوجیوں کے مختلف یونٹوں کی کمان سنبھالنے والے ہیں۔ فری سیریئن آرمی نے ان افسران کے خاندانوں کی خیریت کے حوالے سے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔گزشتہ ماہ منحرف ہونے والے بریگیڈیئر جنرل فیض امر کے خاندان کو اسد حکومت نے مقید کر رکھا ہے۔ ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ منحرف ہونے والے کئی فوجیوں کے خاندانوں کے نمایاں افراد کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

اسد حکومت کی جانب سے بریگیڈیئر جنرل مصطفیٰ شیخ وہ پہلے اعلیٰ افسر تھے، جنہوں نے فوج کو چھوڑتے ہوئے باغیوں کے ساتھ شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔ یہ امر اہم ہے کہ شامی فوج میں عہدے کے اعتبار سے بریگیڈیئر جنرل پانچواں بڑا عہدہ ہے۔ مصطفیٰ شیخ کی سپریم سیریئن ملٹری کونسل کے پیرس میں مقیم ترجمان فہد المصری کا کہنا ہے کہ منحرف ہونے والے چاروں افسران اس وقت ترک حکومت کی نگرانی میں ہیں اور ان کے ناموں کو مخفی رکھا گیا ہے۔

شام میں اسد حکومت کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے والے دو باغی گروپوں کے درمیان بھی عدم اتفاق سامنے آیا ہے۔ فری سیریئن آرمی کے ترجمان کے مطابق منحرف ہونے والے نئے افسران فری سیریئن آرمی کے بانی اور سربراہ کرنل ریاض الاسد کے مشیر بن رہے ہیں جب کہ دوسرے باغی گروپ سپریم ملٹری کونسل کا تعلق مصطفیٰ شیخ سے ہے۔ سپریم ملٹری کونسل نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے افسران مصطفیٰ شیخ کا ساتھ دیں گے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک