شام کی ایک مارکیٹ پر بمبار طیارہ گر کر تباہ درجنوں ہلاکتیں
3 اگست 2015شامی تنازعہ پر گہری نظر رکھنے والی لندن میں قائم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق یہ شامی فوجی طیارہ بمباری کے ایک مشن میں پر تھا کہ گر کر تباہ ہو گیا۔ آبزرویٹری نے تاہم کہا ہے کہ یہ امر ابھی واضح نہیں کہ کتنی ہلاکتیں بمباری اور کتنی طیارے کی تباہی کے نتیجے میں ہوئی ہیں۔ آبزرویٹری کے چیف رامی عبدل رحمٰن کے بقول،’’ طیارہ زمین سے بہت نچلی سطح پر پرواز کر رہا تھا کہ تکنیکی خرابی کے سبب گر کر تباہ ہو گیا‘‘۔ ابتدائی خبروں میں مقامی باشندوں اور طبی ذرائع نے کم از کم 23 افراد جن میں دو بچے بھی شامل ہیں کی ہلاکت کا بتایا ہے۔ ان میں سے پانچ کی شناخت نہیں کی جا سکی۔
چند خبر رساں ایجنسیوں میں اس واقعے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 31 بتائی جا رہی ہے۔
آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدل رحمٰن نے مزید کہا کہ کم از کم 70 افراد اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے کہا،’’ چھ افراد اب بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں اور ہمیں نہیں معلوم کہ وہ زندہ بھی ہی یا نہیں‘‘۔
آبزرویٹری نے مقامی رہائشیوں کے حوالے سے کہا کہ شامی فوجی طیارہ ایں سبزی مارکیٹ کے قریب گرا جس سے زودار دھماکہ ہوا‘‘۔ طبی عملے اور شام میں سرگرم جنگجوؤں کے ذرائع پر انحصار کرنے والے سیرین آبزرویٹری نے مزید کہا ہے کہ طیارے کے پائلٹ کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔
بحران زدہ عرب ریاست شام کی حکومت گزشتہ قریب چار سال سے جاری جنگ میں فضائیہ پر بہت زیادہ انحصار کیے ہوئے ہے اور اکثر و بیشتر باغیوں کے قبضے والے شہروں پر فضائی کارروائی کرتی رہی ہے۔ رفتہ رفتہ شامی فوج کی فضائی صلاحیتیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔ اس کے جہاز یا تو گر کر تباہ ہو چُکے ہیں یا اُن میں تکنیکی خرابی آ چُکی ہے۔
رواں برس جنوری کے وسط میں ادلب میں ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں کم از کم 35 حکومتی فوجی لقمہ اجل بن گئے تھے۔ یہ صوبہ باغیوں، القاعدہ اور اُس کے قریبی النصرہ فرنٹ کی جانب سے تاخت و تاراج کیا جاتا رہا ہے اور باغیوں کے اس اتحاد نے 28 مئی کو شہر اریحا کو اپنے قبضے میں لے لیا تھا۔ النصرہ اُن 13 مسلم اسلام پسند تنظیموں میں سے ایک ہے جو شام میں صدر بشارالاسد کی حکومت کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ 2011 ء میں شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف بغاوت شروع ہونے کے بعد سے شام کی خانہ جنگی میں اب تک دو لاکھ 30 ہزار سے زائد انسانی جانیں ضائع ہو چُکی ہیں۔