1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سفر و سیاحت

سیاحوں کے اطالوی جزیرے کیپری جانے پر عائد پابندی ختم

23 جون 2024

جنوبی اٹلی کے جزیرے کیپری کی مقامی حکومت کی طرف سے سیاحوں کے وہاں جانے پر عائد کردہ پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی اس جزیرے تک پینے کا صاف پانی پہنچانے والی پائپ لائن میں خرابی کی وجہ سے لگائی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/4hPFi
اطالوی جزیرے کیپری کی مجموعی آبادی صرف قریب تیرہ ہزار اور مجموعی رقبہ محض دس اعشاریہ چار مربع کلومیٹر ہے
اطالوی جزیرے کیپری کی مجموعی آبادی صرف قریب تیرہ ہزار اور مجموعی رقبہ محض دس اعشاریہ چار مربع کلومیٹر ہےتصویر: Remo Casilli/REUTERS

اطالوی دارالحکومت روم سے اتوار 23 جون کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ جزیرہ جنوبی اٹلی کے شہر نیپلز کے قریبی سمندری علاقے میں واقع ہے اور وہاں مین لینڈ اٹلی سے پینے کا صاف پانی پہنچانے والی پائپ لائن میں خرابی کے باعث پانی کی ترسیل بند ہو گئی تھی۔

سیاحوں کا پسندیدہ شہر وینس، لیکن نہروں میں کوڑا اتنا زیادہ

اس پر کیپری کے میئر پاؤلو فالکو نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اس جزیرے پر سیاحوں کی آمد پر پابندی لگا دی تھی۔ واٹر سپلائی میں یہ خرابی کل ہفتہ 22 جون کے روز پیدا ہوئی تھی اور میئر فالکو نے فوری طور پر اس جزیرے پر سیاحوں کی آمد ممنوع کر دی تھی۔

پینے کا پانی نہیں، سیاح نہ آئیں

کیپری تک صاف پانی پہنچانے والی پائپ لائن کی ماہرین نے مسلسل کوششیں کر کے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات ہی مرمت کر دی تھی اور جزیرے کو واٹر سپلائی بحال ہو گئی تھی۔ اس پر میئر فالکو نے اتوار کو علی الصبح اعلان کر دیا کہ اب سیاح کیپری آ سکتے ہیں۔

کیپری کی چمک دار اور گہرے نیلے سمندری پانی والی کئی غاریں سیاحوں میں بہت مقبول ہیں
کیپری کی چمک دار اور گہرے نیلے سمندری پانی والی کئی غاریں سیاحوں میں بہت مقبول ہیںتصویر: Antonio Gravante/CHROMORANGE/picture alliance

کیپری کا جزیرہ یورپی یونین کے رکن ملک اٹلی کے جنوبی شہر نیپلز سے کچھ دور خلیج نیپلز میں واقع ہے اور اس جزیرے پر پینے کا صاف پانی ذخیرہ کرنے کی کافی سہولت موجود نہیں۔ اسی لیے واٹر پائپ لائن غیر فعال ہو جانے کے بعد یہ بات یقینی تھی کہ وہاں دستیاب پانی مقامی باشندوں اور سیاحوں سمیت ہر کسی کی روزانہ ضروریات کے کافی نہیں تھا۔

کیا موسمیاتی تبدیلیاں جنوبی یورپ میں سیاحت کو متاثر کر رہی ہیں؟

خلیج نیپلز میں کیپری کا جزیرہ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کا اتنا پسندیدہ تعطیلاتی مقام ہے کہ پابندی کے اعلان اور پھر مسافر فیریز کی آمد و رفت بند کر دیے جانے کے بعد نیپلز کی بندرگاہ پر ایسے مسافر بردار بحری جہازوں کی ایک طویل قطار لگ گئی تھی۔

کیپری کی سیاحتی کشش کے اسباب

اطالوی جزیرے کیپری کا پینے کے صاف پانی کے لیے باقی ماندہ اٹلی پر انحصار کتنا زیادہ ہے، اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ مقامی حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ جب تک واٹر پائپ لائن کی مرمت نہیں ہو جاتی، اس جزیرے پر آباد ہر گھرانے کو ایک واٹر سپلائی ٹینکر سے پینے کے لیے صرف 25 لٹر (6.6 گلین) پانی ملے گا۔

کیپری میں اسی سال اپریل میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی ہوا تھا
کیپری میں اسی سال اپریل میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی ہوا تھاتصویر: Alessandro di Meo/EPA

رومانوی شہر وینس میں سیاحت اور بھی مہنگی

اس جزیرے کے رہائشی مقامی باشندوں کی مجموعی آبادی صرف قریب 13 ہزار ہے لیکن  وہاں خاص طور پر گرمیوں کے موسم میں ہر روز ہزارہا ایسے سیاح بھی جاتے ہیں، جو زیادہ تر صبح وہاں جا کر شام کو واپس لوٹ جاتے ہیں۔

بڑھتی سیاحتی سرگرمیوں سےنمٹنے کے لیے اٹلی کے اقدامات

یہ اطالوی جزیرہ اپنے قدرتی حسن، رنگا رنگ طرز تعمیرات، حیران کن حد تک خوبصورت ساحلوں، بہت پرتعیش ہوٹلوں اور اپنی ان بہت سی ساحلی غاروں کی وجہ سے بھی مشہور ہے، جن کے اندر موجود پانی ان غاروں سے باہر تیز دھوپ کی وجہ سے دور تک گہرا نیلا اور چمکتا ہوا نظر آتا ہے۔

م م / ا ا (اے ایف پی، ڈی پی اے)