1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سندھ کے نگران وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری

Zubair Bashir21 مارچ 2013

پاکستان میں جنوبی صوبہ سندھ کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ سید زاہد قربان علوی نے آج جمعرات کے روز کراچی میں اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا۔

https://p.dw.com/p/181Lh
تصویر: AP

ان کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی۔ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس تقریب میں کئی اہم سیاسی شخصیات اور معززین شہر نے بھی شرکت کی۔

جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی کا تعلق پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر اور سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ہے۔ وہ کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے جج بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا نام حکومت سندھ نے تجویز کیا تھا جس پر قائد حزب اختلاف سید سردار احمد نے اتفاق کرتے ہوئے انہیں متفقہ طور پر نگران وزیر اعلیٰ نامزد کیا تھا۔

Pakistan Politik Koalition
گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے قائم مقام وزیر اعلی سے حلف لیاتصویر: picture-alliance/dpa

نگران وزیر اعلیٰ زاہد قربان علوی نے حلف اٹھانے کے بعد بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پرحاضری دی، وہاں فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے زاہد علوی نے کہا کہ سندھ کی نگران کابینہ میں ایسے لوگوں کو شامل کیا جائے گا جو کام کر سکیں، نہ کہ وہ جو صرف وزیر بننے کی خواہش رکھتے ہوں۔

نگران حکومت سے وابستہ عوامی توقعات کے حوالے سے نئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا، ’تین مہینے میں مجھ سے بہت زیادہ توقعات کی جا رہی ہیں۔ انشااللہ پوری کوشش کروں گا کہ ایک مہینے کے اندر ہی ہماری حکومت کی کارکردگی عوام کو نظر آنا شروع ہو جائے‘۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف کی جانب سے اس تقرری کے خلاف عدالت سے رجوع کیے جانے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں جسٹس ریٹائرڈ علوی نے کہا، ’میری تقرری کے حوالے سے کوئی عدالت میں جانا چاہتا ہے تو جائے۔ میں سمجھتا ہوں کہ قانونی طور پر میری تقرری صحیح ہے‘۔

Z. Bashir / mm