1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستفرانس

نیو کیلیڈونیا میں علیحدگی پسند احتجاج ختم کرنے سے انکاری

20 مئی 2024

بحر الکاہل کی مجموعہ جزائر پر مشتمل ریاست نیو کیلیڈونیا میں علیحدگی پسندوں نے اپنا احتجاج ختم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس فرانسیسی خطے میں کمرشل ایئر ٹریفک بند ہے اور یہ ملک پرتشدد مظاہروں اور بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔

https://p.dw.com/p/4g4HU
نُومیا میں پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے بعد شہر کے مختلف حصوں سے اٹھتا ہوا دھواں
نُومیا میں پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے بعد شہر کے مختلف حصوں سے اٹھتا ہوا دھواںتصویر: Nicolas Job/AP/picture alliance

نیو کیلیڈونیا میں نُومیا سے آج پیر کے روز موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اس ملک میں علیحدگی پسندوں نے سڑکوں کی وہ بندش ختم کرنے سے انکار کر دیا، جس کی وجہ سے وہاں عوامی آمد و رفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ یہ علیحدگی پسند فرانسیسی دستوں کی طرف سے وہاں کیے جانے والے سکیورٹی آپریشن کے بھی خلاف ہیں۔

مجموعی آبادی صرف دو لاکھ ستر ہزار

نیو کیلیڈونیا کی مجموعی آبادی صرف دو لاکھ ستر ہزار کے قریب ہے اور اس مجموعہ جزائر کو رواں ماہ کی 13 تاریخ کو اس وقت سے بدامنی اور مظاہروں کا سامنا ہے، جب فرانس نے یہ اعلان کیا تھا کہ وہ اس ملک میں نئے انتخابی قوانین نافذ کرنا چاہتا ہے۔ اس تجویز کے مطابق وہاں مقیم ان ہزارہا باشندوں کو بھی ووٹ کا حق مل جائے گا، جو وہاں کے قدیم مقامی باشندے نہیں ہیں۔

اس تجویز کے بعد شروع ہونے والے ہنگاموں کے پیش نظر پیرس میں فرانسیسی حکومت نے پولیس اور فوج سے تعلق رکھنے والے اپنے تقریباﹰ ایک ہزار مسلح اہلکار اس لیے نیو کیلیڈونیا بھیج دیے تھے کہ وہاں حالات پر قابو پایا جا سکے۔

پیرس حکومت نیو کیلیڈونیا میں ایمرجنسی لگانے کے بعد وہاں ایک ہزار فرانسیسی سکیورٹی اہلکار بھیج چکی ہے
پیرس حکومت نیو کیلیڈونیا میں ایمرجنسی لگانے کے بعد وہاں ایک ہزار فرانسیسی سکیورٹی اہلکار بھیج چکی ہےتصویر: Delphine Mayeur/AFP

قانونی طور پر نیو کیلیڈونیا فرانس کا ایک ''سمندر پار علاقہ‘‘ کہلاتا ہے اور یہ خطہ بین الاقوامی سیاحوں کی پسندیدہ سیاحتی منزل بھی ہے۔ وہا‌ں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بدامنی کے دوران اب تک کم از کم چھ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

فرانسیسی دستوں کی طرف سے سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا عمل

پیرس حکومت نے نیو کیلیڈونیا میں جو ایک ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے ہیں، ان میں سے قریب 600 گزشتہ رات ملکی دارالحکومت نُومیا اور شہر کے لا تونتُوتا انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے درمیان سڑکوں سے وہاں کھڑی کردہ رکاوٹیں دور کرنے میں مصروف رہے۔

نیو کیلیڈونیا کا فرانس سے آزادی اور خود مختاری سے پھر انکار

حکام نے بتایا کہ فوجی اور پولیس اہلکار شہر اور ہوائی اڈے کے درمیان تقریباﹰ 60 کلومیٹر (40 میل) طویل راستے میں کھڑی کی گئی 76 بڑی بڑی رکاوٹیں دور کرنے میں کامیاب رہے۔ بدامنی شروع ہونے کے بعد سے لا تونتُوتا انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے ہر قسم کی مسافر پروازوں کی آمد اور روانگی بند ہے۔

نُومیا کی ایک سڑک پر تعینات فرانسیسی سکیورٹی دستے اور ان کی بکتر بند گاڑیاں
نُومیا کی ایک سڑک پر تعینات فرانسیسی سکیورٹی دستے اور ان کی بکتر بند گاڑیاںتصویر: Delphine Mayeur/AFP

ریاست نیو کیلیڈونیا بحرالکاہل میں آسٹریلیا سے مشرق کی طرف ایک ہزار کلومیٹر سے زیادہ کے فاصلے پر واقع ہے اور وہاں بدامنی کے الزام میں اب تک تقریباﹰ 230 افراد کو حراست میں بھی لیا جا چکا ہے۔

فضائی آمد و رفت معطل ہونے کے نتیجے میں حکام کے مطابق تقریباﹰ 3200 افراد ایسے ہیں جو یا تو سیاح ہونے کی وجہ سے نیو کیلیڈونیا میں پھنس کر رہ گئے ہیں یا پھر وہ ایسے مقامی باشندے ہیں جن کو وطن لوٹنا تھا مگر وہ اب تک ایسا نہیں کر سکے۔

نیو کیلیڈونیا کے علیحدگی پسند کون ہیں؟

اس ''سمندر پار‘‘ فرانسیسی علاقے کی آزادی اور خود مختاری کے خواہش مند عناصر وہ ہیں، جنہیں فرانس علیحدگی پسند قرار دیتا ہے اور جو زیادہ تر نیو کیلیڈونیا کی قدیم مقامی آبادی کاناک سے تعلق رکھتے ہیں۔

گزشتہ رات سکیورٹی دستوں نے نُومیا اور شہر کے ایئر پورٹ کو ملانے والی سڑک سے بیسیوں رکاوٹیں ہٹا دیں
گزشتہ رات سکیورٹی دستوں نے نُومیا اور شہر کے ایئر پورٹ کو ملانے والی سڑک سے بیسیوں رکاوٹیں ہٹا دیںتصویر: Delphine Mayeur/AFP

ان علیحدگی پسندوں نے آج کہا کہ وہ اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گے اور سڑکوں پر کھڑی کردہ وہ تمام رکاوٹیں وہیں رہیں گی، جہاں وہ ہیں۔

اس احتجاج کی کال مقامی باشندوں کے گراؤنڈ ایکشن کوآرڈینیشن سیل یا CCAT نے دی تھی۔ اس سیل کے کئی رہنماؤں کو حکام نے ان کے گھروں پر نظر بند کر رکھا ہے۔

سترہ ہزار کلومیٹر دور نیو کیلیڈونیا فرانس ہی کا حصہ رہے گا

پرتشدد ہنگاموں کے آغاز کے بعد نیو کیلیڈونیا میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا تھا، جو اب تک جاری ہے۔

کاناک نسل کے قدیمی مقامی باشندوں کی قیادت، جو فرانس کو ''نوآبادیاتی طاقت‘‘ قرار دیتے ہوئے اس پر تنقید کرتی ہے، کا دعویٰ ہے کہ اس برادری کو طویل عرصے سے اپنے خلاف امتیازی رویوں کا سامنا ہے اور اب فرانس اس ملک میں ووٹنگ کے حقوق کو وسعت دے کر کاناک برادری کے لیے مزید مشکلات پیدا کرنا چاہتا ہے۔

ایک ہفتے سے جاری بدامنی میں نیو کیلیڈونیا میں اب تک چھ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں
ایک ہفتے سے جاری بدامنی میں نیو کیلیڈونیا میں اب تک چھ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیںتصویر: Delphine Mayeur/AFP

پیرس حکومت نے اس وقت نیو کیلیڈونیا میں 12 روزہ ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے، جس میں توسیع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ اسی ہفتے کیا جائے گا۔

م م / ش ر (اے ایف پی، اے پی)